1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن تندولکر: ایک سوویں سنچری سے پھر دور

27 دسمبر 2011

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھارت کے ماسٹر بیٹسمین تندولکر ایک بار پھر سوویں سنچری بنانے میں ناکام رہے۔ وہ ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں 99 سینچریاں بنا چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13Zr1
سچن تندولکرتصویر: AP

آسٹریلیا کے شہر میلبورن  میں بارڈر گواسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن بھارتی شائقین کرکٹ کے لیے اداسی پیدا کر کے ختم ہو گیا کیونکہ تندولکر اپنی سوویں سینچری بنانے میں ایک مرتبہ پھر ناکام رہے۔ آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور  333 کے جواب میں بھارت کی پہلی اننگز ابھی تک خاصی بہتر دکھائی دے رہی ہے۔ اس کے تین کھلاڑی 214 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے ہیں۔   پہلے دن کا کھیل ختم  ہونے سے دو اوور قبل تندولکر آؤٹ ہو گئے تھے۔

ماسٹر بیٹسمین سچن تندولکر نے  وریندر سہواگ کے آؤٹ ہونے کے بعد میدان میں قدم رکھا۔ اس وقت آسٹریلوی تیز بالر تجربہ کار کھلاڑی راہول ڈراوڈ کو پریشان کیے ہوئے تھے۔ تندولکر نے کریز پر پہنچ کر آسٹریلوی بالروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ وہ 98 گیندوں پر 73 رنز کے ساتھ کھیل رہے تھے کو ان کو بُری گھڑی نے آن لیا۔ میزبان ملک آسٹریلیا کے تیز بالر پیٹر سِڈل نے اپنے پندرہویں اوور کی تیسری گیند کیا پھینکی کہ بھارتی شائقین کے دھڑکتے دل تھم کر رہ گئے۔ سِڈل کی یہ گیند ماسٹر بیٹسمین کے بلے اور پیڈ کے درمیان  سے نکل کر وکٹوں کو جا لگی۔ اس سے قبل بھی وہ اپنی سوویں سینچری بنانے میں ناکام رہے تھے۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ تندولکر سوویں سینچری کے حصول میں ستر  اور اسی اسکور کے بیچ آؤٹ ہوئے۔

Flash-Galerie Cricket Sachin Tendulkar
سچن تندولکر اپنی سوویں سینچری کے منتظر ہیںتصویر: AP

تین آسٹریلوی  تیز بالروں بین ہلفن ہاؤس، جیمز پیٹین سن اور پیٹر سِڈل کی معیاری گیندوں نے بھارتی بیٹسمینوں کے بلے کے باہری کنارے کو بار بار چھوا ضرور لیکن کوئی بھی ایسی شارٹ کیچ کی شکل میں فیلڈر کی پہنچ میں نہ آئی۔  بھارتی اننگز کے پہلے اوور میں بھارت کے اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ کاایک کیچ کیپر بریڈ ہیڈین کے جانب گیا ضرور لیکن وہ اسے سنبھال نہیں سکے اور کیچ چھوڑ دیا۔ سہواگ کے دو سے زائد کیچ چھوڑے گئے۔ اس اننگز میں سہواگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں آٹھ ہزار رنز بھی مکمل کیے۔ میچ کے دوسرے دن سہواگ اور لمبی قامت کے نئے  آسٹریلوی تیز بالر جیمز پیٹین سن کے درمیان گرما گرمی بھی دیکھنے میں آئی۔ جنوبی افریقی امپائر  ماریاس ایراسمس نے دونوں کھلاڑیوں کو سمجھا بجھا کر دور کیا۔

بھارت کی جانب سے تجربہ کار بیٹسمین راہول ڈراوڈ کریز پر چار گھنٹے سے زائد وقت سے موجود ہیں۔ وہ 185 گیندوں کا بھی سامنا کر چکے ہیں لیکن بین ہلفن ہاؤس، جیمز پیٹین سن اور پیٹر سِڈل کی معیاری گیند بازی کے سامنے’ بس‘ ڈٹے ہوئے ہیں۔ وہ 68 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں