1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سکیورٹی خطرہ: کولون بون ایئرپورٹ پر پروازیں بحال

عابد حسین30 مئی 2016

بغیر چیکنگ کے کولون بون ایئر پورٹ کی سکیورٹی لائن عبور کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اِس صورت حال کے بعد سکیورٹی ایمرجنسی پیدا ہونے پر ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1IxK1
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Becker

جر منی کی وفاقی پولیس نے سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی پر ایک باسٹھ سالہ ہسپانوی شخص کو گرفتار کرنے کا بتایا ہے۔ اِس گرفتاری سے قبل کولون بون کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی بیرون ملک پروازوں کے لیے عارضی طور بند کر دیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ایک شخص کے بغیر چیکنگ لابی میں داخل ہونے پر ایمرجنسی کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی۔ چھان بین اور تلاش کے بعد پولیس نے جس ہسپانوی کو گرفتار کیا ہے وہ فارو جزیرے کے لیے روانہ ہونے والے ہوائی جہاز تک جلد از جلد پہنچنا چاہتا تھا۔ یہ واقعہ ایئر پورٹ کے ٹرمینل ایک کے ڈیپارچر لاؤنچ پر رونما ہوا۔

سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی کے بعد فوری طور پر ہوائی جہاز کی سکیورٹی متحرک ہو گئی۔ ٹرمینل ون پر پرواز کے لیے تیار پانچ ہوائی جہازوں کو فوری طور پر پارکنگ پوزیشن سے ہٹا دیا گیا تھا۔

Flughafen Köln/Bonn Warnstreik im öffentlichen Dienst
ایئر پورٹ پر سکیورٹی اہلکار ہوائی جہازوں کی حفاظت کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa/F. Gambarini

سکیورٹی اہلکاروں کو سکون اُس وقت حاصل ہوا جب فارو جانے والے شخص کو گرفت میں لے لیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران ہوائی اڈہ تقریباً سوا گھنٹے تک بند رہا۔ حراست میں لیے گئے شخص سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ ایئر پورٹ حکام نے چند پروازوں کی تاخیر سے روانگی کی تصدیق کر دی ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق سوا گھنٹے کی بندش کے دوران کوئی پرواز روانہ نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی آنے والے ہوائی جہاز کو اترنے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران ٹرمینل دو پر معمول کے مطابق مسافروں کی چیکنگ جاری رکھی گئی تھی۔ اس ایئر پورٹ پر سکیورٹی ضوابط کو توڑنے کی گزشتہ دو مہینوں میں یہ دوسری کوشش ہے اور دونوں مرتبہ بظاہر یہ بےضرر تھی۔ رواں برس مارچ میں سادہ کپڑوں میں ملبوس ایک خاتون پولیس اہلکار نے بھی سکیورٹی لائن کو بغیر چیکنگ کے عبور کیا تھا۔

رواں برس بائیس مارچ کو بیلجیم کے دارالحکومت برسلز کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے بعد سے یورپی براعظم کے تمام ہوائی اڈوں کی سکیورٹی میں خاصا اضافہ کر دیا گیا ہے۔