1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیاست سے فوج کا خاتمہ کر دیا جائے گا

27 فروری 2008

پاکستان میںحالیہ انتخابات میں کامیاب ترین تین حزب اختلاف سیاسی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ ن اور عوامی نیشنل پارٹی پر مشتمل اتحاد نے دعوی کیا ہے کہ انہوں نے 171 اراکین قومی اسمبلی کی حمایت حاصل کر لی ہے ۔

https://p.dw.com/p/DYEZ
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف علی زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف علی زرداریتصویر: AP

تینوں اتحادی جماعتوں نے دارلحکومت اسلام آباد میں ایک مشترکہ میٹنگ کے بعد یہ اعلان بھی کیا ہے کہ سیاست سے فوج کا کردار ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے گا۔

پاکستان مسلم لیگ کے راہنما نواز شریف نے صحافیوں سے کہا ہے کہ صدر پرویزمشرف کو بتا دو کہ ہم نے قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے اور چیف الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابی نتایج کے با ضابطہ نوٹیفیکشن کے بعد ہم ایک دن بھی انتظار نہیں کریں گے اور قومی اسمبلی کا اجلاس اگلے دن ہی بلوانا ہو گا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ بے نظیر بھٹو کا قتل رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کی خواہشات کے مطابق ملک میں جمہوریت اور امن کے قیام کو ممکن بنائیں گے ۔

عوامی نیشنل پارٹی کے راہنماء اسفندیار ولی نے کہا کہ ان کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے بعدکہا کہ ملک کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے بہت محتاط رویہ اختیار کرنا ہو گا ۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ مصلحت اور بے غیرتی میں بہت معمولی سا فرق ہے اس لئے ہمیں محتاط رہنا ہو گا کیونکہ ہو سکتا ہے کہ جسے میں مصلحت کہوں وہ عوام کے لئے بے غیرتی ہو۔ اس لئے مصلحت ضرور لیکن بے غیرتی کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔