1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیباستیان فیٹل نے بیلجین گراں پری جیت لی

29 اگست 2011

جرمن ڈرائیور سیباستیان فیٹل نے بیلجین گراں پری جیت لی ہے، جو فارمولا ون کار ریسنگ کے رواں برس کے سیزن کے لیے ان کی ایک اور کامیابی ہے۔ وہ ڈرائیورز چیمپیئن شپ کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12P9J
فیٹل بیلجین گراں پری میںتصویر: dapd

سیباستیان فیٹل کے لیے رواں برس اب تک گراں پری کے بارہ مقابلوں میں یہ ساتویں جیت ہے جبکہ ان کی کیریئر میں گراں پری کے مقابلوں میں یہ ان کی سترہویں جیت ہے۔  اتوار کی اس ریس میں دوسری پوزیشن بھی ان کی ٹیم ریڈ بُل کو ملی، جو ان کے ساتھی ڈرائیور مارک ویبر نے لی۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سابق ورلڈ چیمپیئن جینسن بٹن تیسرے نمبر پر رہے۔ اس ریس میں جرمنی کے تاریخ ساز ڈرائیور میشاعیل شوماخر کا نمبر پانچواں رہا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد فارمولا وَن میں واپسی کے بعد سے یہ ان کی اب تک کی بہترین کارکردگی رہی ہے۔

بیلجین گراں پری میں فیٹل کی جیت کو ان کی خوش قسمتی قرار دیا جا رہا ہے۔ پول پوزیشن حاصل کرنے بعد ان کا آغاز کسی طور قابل تعریف نہیں تھا۔ ان کی گاڑی کے ٹائر میں کریک بھی لگے لیکن وہ خوش قسمت رہے اور حادثہ پیش نہیں آیا۔

Flash-Galerie Formel 1 Große Preis von Spa
سیباستیان فیٹل اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بڑی سبقت لیے ہوئے ہیںتصویر: dapd

اس جیت کے ساتھ رواں برس  فیٹل کو ملنے والے پوائنٹس 259 ہو گئے ہیں۔  ان کے قریب ترین حریف ان کے ساتھی مارک ویبر ہی ہیں، جو ان سے 92 پوائنٹس پیچھے ہیں۔ ویبر کو 167 پوائنٹس حاصل ہیں۔ ہسپانوی ڈرائیور فرنینڈو الونسو 157 پوائٹنس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

الونسو نے فیراری گاڑی پر سواری کرتے ہوئے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ وہ دو مرتبہ ڈرائیورز چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ مرسیڈیز کے شوماخر پانچویں نمبر پر رہے۔ ان کے ساتھی نیکو روزبرگ کا نمبر چھٹا رہا۔

اس ریس میں برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی، لیکن وہ محفوظ رہے۔ بیلجین گراں پری کے بعد گیارہ ستمبر کو اٹالین گراں پری ہو گی۔

رپورٹ:  ندیم گِل /خبر رساں ادارے

ادارت:  عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں