1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیرینا ویلیمز ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک

7 اکتوبر 2009

امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ویلیئمز نے چائنا اوپن میں روسی اکاترینا میکا رووا کو ہرا دیا ہے، جس کے بعد وہ عالمی نمبر ایک بن گئی ہیں۔ تاہم ٹینس کے کھیل میں خواتین کی عالمی ریکنگ کا باقاعدہ اعلان آئندہ پیر کو کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/K0Xl
امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ویلیئمزتصویر: AP

ٹینس کے کھیل میں روس کی عالمی نمبر ایک دینارا سافینا کو چین اوپن ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں شکست کے ساتھ سب سے اہم اعزاز سے بھی ہاتھ دھونا پڑ رہا ہے۔ یعنی وہ اب عالمی نمبر ایک نہیں رہیں۔ بظاہر اُن کی یہ حیثیت آئندہ دوچار دنوں کے لئے ضرور ہے لیکن عملی طور پر وہ اب اِس منصب پر حقیقی طور موجود نہیں ہیں۔

اُن کی جگہ اِس منصب پر امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے لے لی ہے۔ چین اوپن کے ابتدائی راؤنڈ میں دینارا سافینا کو ایک غیر معروف چینی کھلاڑی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جو باعث حیرت تھا۔ چین اوپن میں سیرینا ولیمز کی بہن سابقہ عالمی نمبر ایک وینس ولیمز کو بھی پہلے راؤنڈ کے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Dinara Safina
روس کی دینارا سافیناتصویر: AP

سیرینا ولیمز پچھلے کچھ ماہ سے مسلسل عالمی نمبر دو چلی آ رہی تھیں۔ اِس سلسلے میں خواتین کی نئی عالمی درجہ بندی آئندہ پیر کو جاری کردی جائے گی۔ دینارا سافینا کے میچ ہارنے کے بعد یہ طے ہوگیا تھا کہ اگر سیرینا چین اوپن کے دوسرے راؤنڈ کا میچ جیت جاتی ہیں تو وہ عالمی نمبر ایک بن جائیں گی۔ دوسرے راؤنڈ کا میچ سیرینا نے بڑی آسانی سے روس کی اکاترینا میکارووا کو سٹریٹ سیٹ میں ہرا کرجیت لیا ہے۔ امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز کے عالمی نمبر ایک ہونے کو پوائنٹس کے حساب کتاب سے حل کیا گیا ہے۔

روس کی دینارا سافینا کئی مہینوں سے اپنی شاندار کارکردگی کی وجہ سے عالمی نمبر ایک چلی آ رہی تھیں۔ اُنہوں نے ٹینس کے کھیل میں خواتین کی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن 20 اپریل کو سنبھالی تھی۔ اِس طرح وہ ماریا شاراپووا کے بعد عالمی نمبر ایک بننے والی دوسری خاتون کھلاڑی تھیں۔ دینارا کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ اُن کے بھائی مارات سافین بھی مردوں کے عالمی نمبر ایک رہ چکے ہیں۔ ٹینس کھیل کی تاریخ میں کسی اور بہن بھائی کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہو سکا ہے۔ دینارا سافینا کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ وہ بغیر کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کو جیتے عالمی نمبر ایک رہی ہیں۔ وہ آسٹریلئن اوپن اور فرنچ اوپن کے فائنل تک ضرور پہنچیں لیکن فائنل جیتنے میں کامیاب نہیں رہیں۔ یہ امر دلچسپ ہے کہ خواتین ٹینس کے عالمی منظر نامے پر کئی روسی کھلاڑی ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل ہیں۔

دوسری جانب اُنیس اپریل سن 2009ء کے بعد امریکی ٹینس کی سپر اسٹار سیرینا ولیمز نے عالمی سطح پر کئی مقابلوں میں اپنے زوردار کھیل کا لوہا منوایا۔ اِس دوران وہ ومبلڈن کو جیتنے میں بھی کامیاب رہیں۔ یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں بیلجیئم کی کم کلائسٹرز کے خلاف مقابلے میں لائن کنٹرول کرنے والی خاتون پر اپنا غصہ اتارنے پر اُن کو پنالٹی پر میچ ہارنا پڑا تھا۔ ویسے وہ میچ پوائنٹ بھی تھا۔ وہ پچھلے کافی عرصے سے عالمی نمبر ایک کی پوزیشن حاصل کرنے کی کوشش میں تھیں۔ اگر وہ یو ایس اوپن جیت جاتیں تو تبھی عالمی درجہ بندی میں وہ پہلے مقام پر پہنچ سکتی تھیں۔

Kim Clijsters US Open Tennis Trophäe
بیلجیئم کی کم کلائسٹرزتصویر: AP

سیرینا ولیمز نے سن 2002ء میں پہلی بار عالمی نمبر ایک کی پوزیشن حاصل کی تھی۔ وہ اِس پوزیشن پر ایک سال تک براجمان رہیں۔ سیرینا ولیمز اب تک گیارہ گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیت چکی ہیں۔ وہ پچھلے سال بھی چار ہفتوں کے لئے عالمی نمبر ایک رہی تھیں۔ ٹینس کھیل میں انتہائی زیادہ ٹورنامنٹ کے باعث کھلاڑیوں کو ہمہ وقت اپنی فٹنس برقرار رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔ اِس باعث سیرینا بھی گزشتہ سال کچھ عرصے کے لئے کھیل سے باہر رہ چکی ہیں۔

وہ اس ماہ کے آخر میں ٹینس میں خواتین کی چیمپیئن شپ ٹرافی کے اعزاز کوبھی حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ ویمن چیمپیئن شپ ٹرافی کے میچوں کا انعقاد قطر کے دارالحکومت دوہا میں کیا جاتا ہے۔ ستائیس اکتوبر سے دوہا میں شروع ہونے والا ٹورنامنٹ حقیقت میں خواتین کے ٹینس سرکٹ کا اختتامی ٹورنامنٹ ہوتا ہے۔ اِس کے بعد کچھ کم درجے کے ٹورنامنٹ جاری رہتے ہیں۔ آئندہ سال بین الاقوامی درجہ بندی کا پہلا ٹورنامنٹ آسٹریلئن اوپن ہوتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں