1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سینٹ پیٹرز برگ میں حملہ  اکبرزون جلیلوف نے کیا

4 اپریل 2017

روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ کے زیر زمین ریلوے نظام پر حملہ کرنے والے کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ حملہ آور بائیس سالہ کرغیز شہری اکبرزون جلیلوف تھا۔

https://p.dw.com/p/2agkd
Russland Ermittler: Attentäter von St.Petersburg stammt aus Kirgistan
تصویر: Reuters/5th Channel Russia

حکام نے بتایا ہے کہ اکبرزون جلیلوف کرغیزستان کے شہر اوش میں پیدا ہوا تھا اور اسے اس کے والد کی وجہ سے نوعمری میں روسی شہریت دی گئی تھی۔ حکام کا خیال ہے کہ جلیلوف مسلم انتہا پسندوں کی وجہ سے شدت پسندی کی جانب راغب ہوا تھا۔ تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ جس بیگ میں دھماکہ خیز مواد چھپایا گیا تھا، اس پر جلیلوف کے جینیاتی نشانات پائے گئے ہیں۔ گزشتہ روز ہوئے اس بم دھماکے میں چودہ افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہوئے تھے۔

Russland Morgen nach dem Terroranschlag in der U-Bahn in St. Petersburg
تصویر: DW/W. Ryabko

کریملن کے مطابق ضرورت پڑنے پر تفتیشی عمل میں مدد کے لیے غیر ملکی حکام کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ روسی حکومت  کے ترجمان دیمتری پیشکوف نے کہا ہے کہ یہ حملہ اس وقت کیا گیا، جب روسی صدر ولادی میر پوٹن سینٹ پیٹرزبرگ کا دورہ کرنے والے تھے۔ اس سے قبل کرغیزستان کی خفیہ ایجنسی کہہ چکی تھی کہ گزشتہ روز سینٹ پیٹرز برگ میں حملہ کرنے والا شخص کرغیز نژاد روسی شہری تھا۔ ابھی تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔