1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی فوج پالمیرا پر دوبارہ قبضے کے بہت قریب

کشور مصطفیٰ23 مارچ 2016

شامی فورسز اور اُن کے اتحادی پالمیرا سے نصف میل کے فاصلے تک پہنچ چُکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IISq
تصویر: picture-alliance/dpa

گرد و نواح کے فوجی چند گھنٹوں کے اندر اس علاقے کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے قبضے سے چھُڑا کر دوبارہ اپنے قبضے میں لینے کے قوی امکانات کی بات کر رہے ہیں۔

گزشتہ برس مئی کے ماہ سے کٹر انتہا پسند ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جنگجوؤں نے پالمیرا کے علاقے پر قبضہ کر کے اسے محصور کر رکھا ہے۔ شامی فوج اس تاریخی اور اسٹریٹیجک اعتبار سے غیر معمولی اہم علاقے کو دوبارہ اپنے قبضے میں لینے کی کوشش ایک عرصے سے کر رہی ہے۔ ایسا کرنے کے بعد شامی فوج پالمیرا سے آئی ایس کے قبضے والے مشرقی صوبے دیرالزور کی طرف ایک سڑک کھول دینا چاہتی ہے۔

Syrien Tempel Baal Shamin in Palmyra Sprengung
پالمیرا کے ایک مندر کی ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی طرف سے حال ہی میں شائع کی گئی تصویرتصویر: picture alliance/Kyodo

اس صحرائی شہر پر شامی فورسز کے دوبارہ قبضے ہونے کی صورت میں شام میں گزشتہ برس سے شروع ہونے والی روسی فوجی مداخلت کے بعد سے اب تک صدر بشار الاسد کی سب سے اہم اور بڑی کامیابی ہوگی۔ روس کی پشت پناہی میں کارروائیاں کرنے والی شامی حکومت ملک میں پانچ سال سے زیادہ عرصے سے جاری خانہ جنگی کو بہت حد تک اپنے حق میں موڑ لینے میں کامیاب ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

پالمیرا جس کا تاریخی نام تدمر ہے، قدیم رومی دور کے مندروں اور دالان یا برآمدے کا مرکزی علاقہ ہے۔’اسلامک اسٹیٹ‘ کے انتہا پسندوں نے ان میں سے زیادہ تر تاریخی مقامات کو تباہ کر دیا ہے۔ پالمیرا شام کے مشرقی اور مغربی حصے کو ملانے والا اہم ترین شہر ہے۔

شام سے موصولہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک شامی فوجی نے اخباریہ ٹیلی وژن چینل کو ایک بیان میں کہا،’’ہم پالمیرا شہر سے محض 850 میٹر کے فاصلے پر ہیں۔ اللہ نے چاہا تو چند گھنٹوں میں حکومتی فورسز پالمیرا کو مکمل طور پر محفوظ کر لینے کا اعلان کر دیں گی۔‘‘ اسی قسم کے بیانات کی بازگشت پالمیرا فرنٹ پر لڑنے والے دیگر شامی فوجیوں کی طرف سے بھی سنائی دے رہی ہیں۔

Syrien Tempel Baal Shamin in Palmyra Sprengung
تمام قدیم ثقافتی ورثے کو آئی ایس جنگجوؤں نے تباہ کر دیا ہےتصویر: picture alliance/AP Photo

شامی فوجیوں میں سے ایک نے کہا ہے کہ شامی فوج جب مغرب کی طرف سے شہر میں داخل ہوتے وقت پالمیرا ٹرائی اینگل روڈ کے جنکشن کو دھماکہ خیز مواد سے پاک کر دیا ہے۔ شامی حکومت نے فیلڈ کمانڈر کے حوالے سے کہا تھا کہ پالمیرا کے پہاڑی علاقوں کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد حکومتی فورسز کے لیے پالمیرا کی طرف جانے والی سڑک صاف ہو گئی ہے۔

قبل ازاں شام کی جنگ پر نظر رکھنے والی سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائیٹس کی طرف سے بھی پالمیرا کے مضافات میں جھڑپوں کی اطلاعات دی گئی تھی۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن، جو گزشتہ ہفتے شام سے اپنی زیادہ تر فورسز کے انخلاء کا اعلان کر چُکے ہیں۔ انہوں نے بھی جمعرات کو یہ کہا تھا کہ شامی فوج پالمیرا پر جلد دوبارہ قبضے کر لے گی۔