1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام: عرب لیگ کے سربراہ کا دورہ ملتوی

7 ستمبر 2011

شام نے منگل کو کہا ہے کہ اس نے عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی کا دورہ ان کے آمد سے گیارہ گھنٹے قبل ملتوی کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12U8q
تصویر: picture alliance/dpa

عرب لیگ کے سربراہ کے دورے کا مقصد شامی حکومت کو مظاہرین کے خلاف پر تشدد کارروائیوں سے روکنے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔ شام حکومت کے مطابق ان کے دورے کے لیے نئی تاریخ کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق نبیل العربی اسد حکومت کو تیرہ نکاتی اصلاحاتی ایجنڈا پیش کرنے والے تھے، جس کے تحت دمشق حکومت کو تین سال کے اندر اندر انتخابات کروانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔  

شامی حکومت کے مطابق، ’’شام نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نبیل العربی سے کہا ہے کہ وہ اپنا دورہ ملتوی کر دیں، اس باعث کہ بعض معاملات ہمارے اختیار میں نہیں ہیں۔ ہم نے ان کو ان معاملات کے بارے میں بتا دیا ہے اور ان کے دورے کی نئی تاریخ جلد طے کرلی جائے گی۔‘‘

NO FLASH Arabische Liga Ägypten Nabil al-Arabi
نبیل العربیتصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق العربی کی جانب سے شامی حکومت کو جو تجاویز پیش کی گئی ہیں ان میں شامی صدر بشار الاسد کو تین برس کے اندر انتخابات کرانے کا پابند بنانا، کثیر الجماعتی سیاسی نظام کا نفاذ اور حکومت مخالف مظاہرین پر کریک ڈاؤن فوری طور پر بند کرنا شامل ہیں۔ عرب لیگ کے وفد کی شامی حکام سے ملاقات کا فیصلہ حال ہی میں قاہرہ میں ہونے والے عرب لیگ کے ایک غیر معمولی اجلاس میں کیا گیا تھا۔ 

دوسری جانب شام کی انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ شام میں حکومتی سکیورٹی فورسز کی تازہ ترین کارروائیوں کے نتیجے میں ایک پندرہ سالہ نوجوان سمیت چار شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔ شام سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پیر کے روز ملک بھر میں تیرہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یورپی یونین اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے ان ہلاکتوں کی مذمت کی جا رہی ہے اور شام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ مظاہرین پر تشدد فوری طور پر روک دے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں