1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شراب کے خلاف انوکھا مظاہرہ

21 جنوری 2017

بھارت میں شراب کے استعمال کے خلاف آج ہونے والے ایک مظاہرے میں شریک افراد ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر انسانی زنجیر بنا رہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق یہ دنیا کی طویل ترین انسانی زنجیر ہو گی۔

https://p.dw.com/p/2WAm5
Beliebter Alkohol in Indien
تصویر: DW/M. Krishnan

اس مظاہرے کا اہتمام کرنے والی بِہار کی ریاستی حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ متوقع طور پر 20 ملین یعنی دو کروڑ افراد اس میں شریک ہوں گے اور یہ آج ہفتہ 21 جنوری کی سہ پہر ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر پوری ریاست میں 3,007 کلومیٹر طویل انسانی زنجیر بنائیں گے۔

بِہار کی ریاستی حکومت کے ترجمان ونود آنند جھا نے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں بتایا، ’’لوگ جن میں کسان، مزدور، خواتین اور بچے شامل ہیں، ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر اس ریاست میں شراب کے استعمال پر پابندی کے حق میں یہ مظاہرہ کریں گے۔۔۔ یہ دنیا کی طویل ترین انسانی زنجیر ہو گی اور یہ کوشش رضاکارانہ ہے۔‘‘

جھا کے مطابق انسانی زنجیر بنانے کے ’’ذیلی راستے‘‘ بھی ہوں گے۔ طویل ترین راستہ یا زنجیر 3,007 کلومیٹر طویل ہو گی جبکہ دیگر ذیلی راستوں کی کُل لمبائی 8,285 کلومیٹر ہو گی۔ اس طرح انسانی زنجیر کی مجموعی لمبائی 11,292 کلومیٹر ہو گی تاہم یہ ضروری نہیں ہے کہ یہ مختلف انسانی زنجیریں آپس میں جڑیں بھی۔

گِنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق دنیا کی طویل ترین زنجیر 2004ء میں بنگلہ دیش میں بنائی گئی تھی جب 50 لاکھ سیاسی کارکنوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر 1,050 کلومیٹر طویل یہ زنجیر بنائی تھی۔

بھارتی ریاست بِہار کے حکام کے مطابق انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز  سے درخواست کی ہے کہ وہ آج ہفتے کے روز بنائی جانے والی انسانی زنجیر کا جائزہ لے تاہم انہوں نے اس بعض تیکنیکی وجوہات کی وجہ سے اپنے مبصرین نہیں بھیجے۔ جرمن خبر رساں ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق اس کی طرف سے اس حوالے سے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بھیجی جانے والی ای میلز کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

Symbolbild Alkohol Indien trinken
بھارتی ریاست بہار میں شراب کی فروخت پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہےتصویر: AP

بھارتی ریاست بہار میں شراب کی فروخت پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ تین دیگر ریاستوں گجرات، ناگالینڈ اور منی پور میں بھی شراب کی فروخت کے خلاف پابندی تو عائد ہے تاہم وہاں اس پابندی پر عملدرآمد کے لیے سختی نہیں کی جاتی۔