1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شریف برادران کی نااہلی کے فیصلے سے جمہوریت کمزور ہوئی: وزیراعظم گیلانی

امتیاز گل ، اسلام آباد26 فروری 2009

ملک کے دیگر شہروں کی طرح دارالحکومت اسلام آباد میں بھی شریف برادران کی نا اہلی کے خلاف جلسے جلوس ہوئے جب کہ بعض مشتعل پارٹی کارکنوں نے اسلام آباد ایکسپریس وے پر تقریباً 6گاڑیاں بھی نذر آتش کر دیں۔

https://p.dw.com/p/H1un
کل کے اتحادی آج ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ میں مصروفتصویر: AP

اس کے ساتھ ہی ایوان صدر میں اعلیٰ ترین سطحی صلاح مشوروں کا سلسلہ بھی جاری رہا جس میں وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمن نے بھی شرکت کی اس کے بعد وزیر اعظم گیلانی نے ایک میڈیا گفتگو میں شریف برادران کی نااہلی کو جمہوریت کی کمزوری سے تعبیر کیا اور کہا کہ اس سے نقصان جمہوریت کا ہوا ہے ۔

’’جہاں تک گورنر راج کا تعلق ہے اس میں سب شامل ہیں آرٹیکل 232کے تحت صدر کو گورنر راج نافذ کرنے کے اختیارات حاصل ہیں اور میرے خیال میں اس کے پروسیجر کو اگر بڑھانا ہوا تو یہ مشترکہ صلاح مشورہ سے کیا جائے گا۔جہاں تک آپ نے یہ کہا کہ شریف برادران کے جانے سے آپ کمزور ہوئے ہیں میرے مطابق میاں برادران کے جانے سے جمہوریت کمزور ہوئی ہے۔‘‘

اس حوالے سے دلچسپ امر یہ ہے کہ وزیراعظم کے بقول اٹارنی جنرل نے شریف برادران سے متعلق کیس میں دلائل کی نوعیت کے حوالے سے ان کے ساتھ کوئی مشورہ نہیں کیا۔ وزیر اعظم نے البتہ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر آئین میں گنجائش ہوئی تو وہ شریف برادران کے لئے قومی مصالحتی آرڈیننس کی طرز پر ایک اور این آر او کی سفارش بھی کر سکتے ہیں۔ دوسری طرف تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ بنیادی خرابی پاکستان کے عدالتی نظام میں ہے۔

’’پاکستان کے جب تک جمہوری ادارے اور عدالتی نظام ٹھیک نہیں ہوگا پاکستان میں کوئی فرق نہیں آئے گا اب آپ نے دیکھ لیا کہ آمریت اور جمہوریت کے اندرکیا فرق رہ گیا ہے۔ پاکستان کے اندر ادارے ہی کمزور ہیں اور کوئی قانون موجود نہیں آج پاکستان میں جنگل کا قانون ہے۔‘‘

اہم یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے کم از کم تین سینئر سفارت کاروں نے ڈوئچے ویلے کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ بظاہر پاکستانی رہنمائوں میں قید و بند کی طویل صعوبتوں اور سال ہاسال جلا وطنی کی زندگی گزارنے کے باوجود نہ تو پختگی آئی ہے اور نہ رواداری اور باہمی برداشت کا جذبہ۔