1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی وزيرستان ميں امريکی ڈرون حملہ، کم از کم سات افراد ہلاک

8 جون 2013

پاکستانی انٹيلی جنس اہلکاروں کے مطابق صوبہ خيبر پختونخوا ميں افغان سرحد کے قريب جمعے کے روز کيے جانے والے ايک امريکی ڈرون حملے ميں کم از کم سات افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔

https://p.dw.com/p/18m2G
تصویر: picture-alliance/dpa

اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر ان انٹيلی جنس اہلکاروں نے بتايا کہ گزشتہ روز شاوال نامی علاقے ميں منگروٹھی گاؤں کے ايک کمپاؤنڈ پر کم از کم دو ميزائل داغے گئے۔ يہ علاقہ شمالی وزيرستان ميں ميرانشاہ سے قريب 45 کلوميٹر دور واقع ہے۔ حملے کے نتيجے ميں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ تين مزيد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہيں۔ نيوز ايجنسی روئٹرز کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد ميں اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔

يہ ڈرون حملہ اس حملے کے دس روز بعد کيا گيا، جس ميں پاکستانی طالبان کا اہم رہنما ولی الرحمان مارا گيا تھا۔ ولی الرحمان کی ہلاکت کو پاکستانی طالبان عسکريت پسندوں کے ليے ايک بڑا دھچکا جبکہ امريکی و اتحادی افواج کے ليے ايک اہم کاميابی قرار ديا گيا ہے۔

نواز شريف ڈرون حملوں کو اہم ترين مسائل ميں سے ايک قرار دے چکے ہيں
نواز شريف ڈرون حملوں کو اہم ترين مسائل ميں سے ايک قرار دے چکے ہيںتصویر: Reuters

امريکا ميں پچھلے کئی مہينوں سے ڈرون حملوں کی پاليسی کو شفاف بنانے اور اس حوالے سے مزيد معلومات فراہم کيے جانے کے مطالبات کے تناظر ميں صدر باراک اوباما نے پچھلے مہينے يہ اعلان کيا تھا کہ ڈرون حملے کم کر ديے جائيں گے۔ اوباما کے بقول ايسے حملے محض اس صورت ميں کيے جائيں گے جبکہ خطرہ واضح ہو اور حملہ ناگزير ہو۔

يہاں يہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ جمعے کے روز کيا جانے والا يہ حملہ پاکستان کی نو منتخب کابينہ اور وزير اعظم نواز شريف کے وزارت عظمی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلا حملہ ہے۔ نواز شريف، جنہوں نے رواں ہفتے بدھ کے روز بطور ملکی وزير اعظم حلف اٹھايا، يہ کہہ چکے ہيں کہ ايسے حملے پاکستان کی خودمختاری کو منفی انداز سے متاثر کرتے ہيں۔ انہوں نے يہ بات پارليمان سے اپنے خطاب کے دوران کہی۔ قبل ازيں اپنی اليکشن مہم کے دوران بھی نواز شريف امريکی ڈرون حملوں کے سخت ناقد رہے ہيں۔

امريکا کا موقف ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں ميں، جہاں واشنگٹن انتظاميہ کے مطابق القاعدہ کے عسکريت پسندوں نے اپنی پناہ گاہيں بنا رکھی ہيں، ايسے حملے ناگزير ہيں۔ تاہم پاکستان ميں عام رائے يہی ہے کہ ڈرون حملے نہ صرف پاکستان کی خودمختاری کو منفی انداز سے متاثر کرتے ہيں بلکہ يہ حملے بے گناہ افراد کی ہلاک کا سبب بھی بنتے ہيں۔

as/aba (AP, Reuters)