1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا : جوہری دھماکہ کسی وقت بھی ممکن

3 اکتوبر 2006

شمالی کوریا نے ساتھ ہی اعلان کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرنے میں کبھی بھی پہل نہیں کرے گااور دنیا کو جوہری ہتھیاروں سےغیر مسلح کرنے اور بالآخر دنیا سے جوہری ہتھیار ختم کرانے کی حتی المقدور کوشش کرے گا۔

https://p.dw.com/p/DYIr
شمالی کوریا کے رہنما Kim Jong Il
شمالی کوریا کے رہنما Kim Jong Ilتصویر: dpa

شمالی کوریا نے اعلان کیا ہے کہ وہ مستقبل میں کسی وقت بھی جوہری دھماکہ کر سکتا ہے۔شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دھماکہ ملک کی دفاعی قوت کو مضبوط بنانے کی خاطر ہو گا۔

تاہم شمالی کوریا نے ساتھ ہی اعلان کیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کو استعمال کرنے میں کبھی بھی پہل نہیں کرے گااور دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے غیر مسلح کرنے اور بالآخر دنیا سے جوہری ہتھیار ختم کرانے کی حتی المقدور کوشش کرے گا۔

شمالی کوریا نے سن 2002 میں اعلان کیا تھا کہ وہ جوہری ہتھیار بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ امریکہ کا خیال ہے کہ شمالی کوریا کے پاس ایٹم بم بنانے کے لئے کافی مقدار میں پلوٹونیم موجود ہے۔

ماہرین کا بھی خیال ہے کہ شمالی کوریاکے پاس 6سے 8 بم بنانے تک جوہری مواد موجود ہے لیکن شائد اس کے پاس ایسی ٹیکنالوجی موجود نہیں ہے جس سے وہ میزائل میں استعمال کرنے کے لئے ایک چھوٹا جوہری بم بنا سکے۔

شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق اس فیصلہ کی وجہ ، امریکہ کی طرف سے درپیش خطرہ ہے۔بیان کے مطابق امریکہ کی طرف سے مسلسل ملنے والی جوہری جنگ کی دھمکیوں، اقتصادی بائیکاٹ اور دباؤ‎ کی وجہ سے جزیرہ نما کوریا کے حالات بہت تشویش ناک ہو گئے ہیں۔

بیان کے مطابق ایسے حالات میںکہ جب امریکہ ، شمالی کوریا کو تنہا کرنے کی کوشش میں ہے ، یہ ملک ان بدلتے ہوئے حالات کے سامنے صرف تماش بین بن کر نہیں بیٹھ سکتا۔ جاپان نے بھی شمالی کوریا کے جوہری عزائم پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل معافی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ عالمی برادری کو اس پر شدید رعمل ظاہر کرنا چاہیے۔

شمالی کوریا کو اس کے جوہری پروگرام سے روکنے کے لئے بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کا سلسلہ ایک سال قبل ہی رک گیا تھا۔شمالی کوریا نے اس وقت ان مذاکرات کو جاری رکھنے سے انکار کردیا تھا جب امریکہ نے بعض کمپنیوں پر شمالی کوریا کے جوہری پروگرام میں مدد کرنے کے شبہ میں اقتصادی پابندیاں عائد کر دی تھیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ شمالی کوریا کے پاس متعدد ایٹمی وار ہیڈ موجود ہیں لیکن ابھی تک ان کی تجرباتی حیثیت مسلم نہیں ہے۔گزشتہ جولائی کے مہینے میں شمالی کوریا نے بین الاقوامی اعتراضات کو نظر انداز کرتے ہوئے 7 بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔