1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا، موزوں شرائط کے ساتھ امریکا سے بات چیت کو تیار

صائمہ حیدر
13 مئی 2017

شمالی کوریا کی ایک اعلیٰ سفارت کار نے کہا ہے کہ پیونگ یونگ حکومت درست اور موزوں شرائط پر امریکا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ کچھ روز قبل امریکی صدر نے بھی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کا عندیہ دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2cuY0
Choe Son Hui
اوسلو میں چے سن ہوئی نے امریکی ماہرین تعلیم اور سابق امریکی اہلکاروں سے ملاقاتیں کیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Wong

شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے نارتھ امریکا بیورو کی سربراہ چے سَن ہوئی نے آج بیجنگ  کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا ملک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ ’’موزوں شرائط پر مذاکرات کرے گا‘‘۔ سیئول کی یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق چے سن ہوئی نے یہ بات اوسلو سے ملک واپسی پر کہی۔

اوسلو میں چے سن ہوئی نے امریکی ماہرین تعلیم اور سابق امریکی اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ ان میں اقوام متحدہ کے لیے سابق امریکی مشیر تھومس پکرنگ اور امریکی وزارت خارجہ کے سابق خصوصی مشیر برائے جوہری عدم پھیلاؤ اور تخفیفِ اسلحہ رابرٹ آئن ہورن شامل ہیں۔

یہ ملاقاتیں ایک ایسے موقع پر ہوئی ہیں جب شمالی کوریا کی جانب سے حال ہی میں ایک تازہ ایٹمی تجربے کی کوشش کے بعد جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی عروج پر ہے۔ شمالی کوریا کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی کے بعد رواں ماہ کے آغاز میں امریکی صدر کی جانب سے یہ بیان بھی سامنے آیا تھا کہ اُن کے لیے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات ایک اعزاز ہو گی۔

Kombi-Bild Kim Jong Un Donald Trump

بلومبرگ نامی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’اگر  مناسب ہوا تو میں کم جونگ اُن سے ضرور ملوں گا‘‘۔ اس دوران انہوں نے مزید کہا، ’’اگر میں نے ایسا کیا تو یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہو گی۔‘‘

تاہم اس انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کی کسی ملاقات سے قبل کچھ شرائط پر عمل درآمد ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اِن شرائط کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

  رواں ہفتے جنوبی کوریا کے نئے صدر کا عہدہ سنبھالنے والے مون جے اِن اپنے قدامت پسند پیشرو کے مقابلے میں شمالی کوریا سے مذاکرات کے حامی ہیں۔ بدھ کے روز اقتدار سنبھالنے کے بعد مون جے ان نے کہا تھا کہ اگر حالات ساز گار ہوئے تو وہ شمالی کوریا جانا چاہیں گے۔