1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شمالی کوریا کے ایک مندوب امریکہ کا دورہ کریں گے، رپورٹ

9 اکتوبر 2009

جوہری اُمور پر شمالی کوریا کے ایک اعلیٰ مندوب رواں ماہ امریکہ کا دورہ کریں گے۔ جنوبی کوریا کے ٹیلی ویژن YTN کے مطابق پیانگ یانگ کے نمائندے کے اس دورے سے دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات کی بحالی کا راستہ کھل سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/K2c9
تصویر: AP Graphics
Nordkorea will seine Atomanlage Yongbyon nun doch abschalten
پیانگ یانگ کے جوہری پلانٹ کی خلاء سے لی گئی تصویرتصویر: AP

شمالی کوریا اپنے مندوب ری گُن کو واشنگٹن بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ ری گُن قبل ازیں چھ فریقی مذاکرات کا حصہ رہے ہیں۔ جنوبی کوریا کے ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق پیانگ یانگ حکام کو توقع ہے کہ امریکہ بھی اپنا ایک نمائندہ شمالی کوریا بھیجے گا۔

ٹی وی نے سفارتی ذرائع کے حوالے بتایا کہ جنرل ری گُن ایک سیمینار میں شرکت کے لئے امریکہ جا رہے ہیں۔ تاہم اس کا اصل مقصد واشنگٹن حکام سے ملاقات ہے۔ وہ چھ فریقی مذاکرات کی بحالی کے لئے پہلے بھی امریکہ کا دورہ کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ دونوں ملکوں کی طرف سے سرکاری دورے کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔

چھ فریقی مذاکرات میں شمالی کوریا کے ساتھ چین، جاپان، جنوبی کوریا، امریکہ اور روس شامل ہیں۔ شمالی کوریا اپنے جوہری تنازعے پر ان پانچ عالمی طاقتوں کے ساتھ مذاکرات کر رہا تھا۔ تاہم گزشتہ سال کے آخر میں پیانگ یانگ نے یہ مذاکرات ختم کر دیے ہیں۔ بعدازاں حکام نے بارہا اس بات چیت کے طریقہ کار کو بے سود قرار دیا۔

Kim Jong Il Machthaber Nord Korea
شمالی کوریا کے رہنما کم یونگ اِلتصویر: AP

شمالی کوریا کے رہنما کم یونگ اِل نے رواں ہفتے کے دوران چینی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں تعطل کا شکار چھ فریقی مذاکرات پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے پیانگ یانگ واشنگٹن سے مذاکرات چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان جارحانہ تعلقات کو پرامن روابط میں تبدیل کرنا ہو گا اور اس مقصد کے لئے کامیاب باہمی مذاکرات ضروری ہیں۔

کم یونگ اِل کے اس بیان کے بعد واشنگٹن حکام نے بھی شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات پر رضا مندی ظاہر کر دی تھی۔ تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایسی بات چیت کا مقصد شمالی کوریا کے جوہری منصوبے کا مکمل خاتمہ ہونا چاہئے۔

شمالی کوریا امریکہ پر جارحیت کا الزام لگاتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ دراصل امریکہ ہی کشیدگی کی وجہ ہے، جس نے جنوبی کوریا میں اپنے 28 ہزار فوجی تعینات کر رکھے ہیں اور اس کا یہی رویہ پیانگ یانگ کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول پر مجبور کر رہا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین