1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شٹٹ گارٹ میں مظاہرے، متعدد زخمی

1 اکتوبر 2010

جرمنی میں متنازعہ ریل پراجیکٹ کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا، جنہیں منتشر کرنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس اور پانی اور کالی مرچ کا سپرے استعمال کیا۔ اس موقع پر متعدد مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔

https://p.dw.com/p/PReA
تصویر: picture-alliance/dpa

یہ صورتِ حال حکام اور مظاہرین کے درمیان ملٹی بلین یورو ریل پراجیکٹ کے تنازعے پر پیدا ہوئی، جس کے تحت زیر زمین ایک بڑا ریلوے سٹیشن بنایا جا رہا ہے۔ اس پراجیکٹ کو شٹٹ گارٹ 21 کا نام دیا گیا ہے۔ احتجاجی منتظمین کے ترجمان گیرہارڈ فائفیر نے بتایا کہ جمعرات کو پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے جو طریقے اپنائے، ان کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظاہرین کی تعداد پانچ ہزار سے 10ہزار تک تھی، جنہوں نے ریل پراجیکٹ پر کام کرنے والے ورکرز کو درخت کاٹنے سے روکنے کی کوشش کی۔ یہ درخت شٹٹ گارٹ کے سینٹرل ریلوے سٹیشن کے قریب ایک پارک میں لگے ہوئے ہیں، جن کی تعداد 25 بتائی جاتی ہے۔

Protest Stuttgart 21
اس احتجاج میں سینکڑوں مظاہرین زخمی ہوئےتصویر: dpad

پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرے کے شرکاء کو منتشر کرنے کے لئے ایک ہزار اہلکاروں پر مشتمل نفری تعینات کی گئی تھی۔ دوسری جانب پولیس نے مظاہرین کی تعداد بھی ایک ہزار ہی بتائی ہے۔

اس منصوبے پر آنے والی لاگت کا تخمینہ سات ارب یورو لگایا گیا ہے، جس کا مقصد شٹٹ گارٹ اور اس کے اِرد گرِد واقع علاقوں کو 1500 کلومیٹر طویل ہائی سپیڈ ٹریک کے ذریعے ملانا ہے۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس منصوبے کے مخالفین کا کہنا ہے کہ اس کی تکمیل پر توقع سے زیادہ وقت لگے گا، بجٹ بڑھ جائے گا جبکہ ریل ٹریفک کی رفتار پر کچھ خاص اثر نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ جرمنی کے دیگر علاقوں میں ریل نیٹ ورک کو اس کے مقابلے میں زیادہ بہتر بنائے جانے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب شٹٹ گارٹ کے مقامی باشندوں کے اعتراض کی وجہ مختلف ہے، جن میں اس پراجیکٹ کو آگے بڑھانے کے لئے کی جانی والی درختوں کی کٹائی بھی شامل ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ منصوبہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے لئے ایک سیاسی مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جنہوں نے گزشتہ ہفتے اس کے لئے حمایت کا اعلان بھی کیا تھا۔ بعض حلقوں نے چانسلر کی جانب سے اس منصوبے کی حمایت کے اعلان پر حیرت کا اظہار کیا تھا۔

NO FLASH Stuttgart 21 Demonstration
مظاہرین کے خیال میں یہ پروجیکٹ صرف رقوم کا ضیاع ہےتصویر: AP

جرمن ریاست باڈن وُرٹمبرگ میں آئندہ برس مارچ میں انتخابات بھی ہونے والے ہیں اور یہ ریل پراجیکٹ انتخابات پر بھی حاوی رہے گا۔ اس ریاست میں جرمن چانسلر کے حامی گزشتہ نصف صدی سے اقتدار میں ہیں۔ تاہم متنازعہ ریل پراجیکٹ اس مرتبہ ان کی شکست کا باعث بن سکتا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ