1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شکست خوردہ بھارتی ٹیم کی انگلینڈ میں مشکلات بڑھ گئیں

8 اگست 2011

انگلینڈ کے دورے پر گئی ہوئی بھارتی ٹیم کئی طرح کی مشکلات میں گھر گئی ہے۔ سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنے کے بعد اب مہمان ٹیم کے کئی کھلاڑی زخمی ہوکر سیریز ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہیں۔

https://p.dw.com/p/12D5z
تصویر: AP

بھارتی کرکٹ ٹیم کے تیز ترین بولر ظہیر خان کو ٹخنے میں تکلیف کے سبب انگلینڈ کے دورے سے واپس بھارت بلایا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ سے گیند کرانے والے پرتاپ پٹیل ان کی جگہ لیں گے۔ بھارت اور انگلینڈ کی رواں سیریز میں دو ٹیسٹ میچز، ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ مقابلے ہونا باقی ہیں۔ ظہیر خان ٹخنے کی تکلیف کے سبب ویسٹ انڈیز کا دورہ بھی نہیں کرسکے تھے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق ظہیر خان کے ٹخنے کا آپریشن کیا جائے گا اور انہیں کم از کم چار ماہ تک آرام کرنے کا کہا گیا ہے۔ 34 سالہ ظہیر کو ایک روزہ مقابلے کی سیریز میں شامل کیا گیا تھا مگر اب ان کا نام ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست سے نکال لیا گیا ہے۔

Virender Sehwag Cricketspieler
وریندر سہواگتصویر: picture-alliance/dpa

ان کے متبادل آر پی سنگھ ستمبر 2009ء سے اب تک بھارت کے لیے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیل سکے ہیں۔ بھارتی ٹیم ظہیر سے قبل افتتاحی بلے باز وریندر سہواگ سے بھی محروم ہوچکی ہے، جو کندھوں کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ سہواگ کے ساتھی اوپنر گوتھم گھمبیر بھی زخمی ہیں۔ بھارتی ٹیم کی مشکلات یہیں تک محدود نہیں بلکہ آل راؤنڈر یوراج سنگھ اور اسپنر ہربھجن سنگھ بھی دوسرے ٹیسٹ میچ میں زخمی ہونے کے سبب سیریز کے دیگر مقابلوں سے باہر ہوچکے ہیں۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 11 اگست سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں