1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شکیب کی سنچری، بنگلہ دیش کا ’کم بیک‘

17 دسمبر 2011

شکیب الحسن اور شہریار نفیس کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے میر پور ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام تک پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 234 رنز بنا لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13Ujw
شکیب الحسنتصویر: AP

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں میرپور میں کھیلے جا رہے آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن شکیب الحسن اور شہر یار نفیس نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 180 رنز بنائے۔ جون 2010ء کے بعد پہلی مرتبہ بنگلہ دیش قومی کرکٹ ٹیم کی طرف سے کسی ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ سو رنز کی پارٹنر شپ قائم ہو سکی ہے۔

اگرچہ کھیل کے آغاز میں ٹاس جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے میزبان ٹیم کا ٹاپ آرڈر تباہ کر کے رکھ دیا لیکن شہر یار نفیس اور شکیب الحسن نے اپنی ٹیم کو غیر معمولی سہارا دیا۔ شہر یار نفیس 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شکیب الحسن 108 کے انفرادی اسکور پر ناؤٹ آؤٹ ہیں۔

Flash-Galerie Cricket Weltmeisterschaft 2011
شہر یار نفیس 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئےتصویر: AP

پاکستان کی طرف سے کامیاب ترین بولر اعزاز چیمہ رہے، انہوں نے سولہ اوورز کیے اور تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وکٹ حاصل کرنے والے دوسرے بولر عمر گل تھے، جنہوں نے چودہ اوورز میں دو کھلاڑیوں کو واپس پویلین روانہ کیا۔

پاکستانی سِیم بولرز نے آغاز پر بنگلہ دیشی ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو صرف 43 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ تب معلوم ہو رہا تھا کہ اس مرتبہ بھی بنگلہ دیش کی کمزور بیٹنگ لائن، تجربہ کار پاکستانی بولروں کا سامنا نہ کر سکے گی تاہم شہر یار نفیس اور شکیب الحسن نے ثابت کر دیا کہ وہ وکٹ ضائع کیے بغیر اچھے اسٹروکس کھیل سکتے ہیں۔

شیر بنگال اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستانی سپن بولروں کو ابھی تک کوئی مدد نہیں مل سکی ہے۔ عبدالرحمان، سعید اجمل اور آل راؤنڈر محمد حفیظ پہلے دن کے کھیل میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

پہلے دن کے کھیل میں بنگلہ دیشی بلے بازوں نے 68 اوورز میں 3.44 کی اوسط سے دو سو چونتیس رنز بنا لیے ہیں۔ اگر دوسرے دن بھی بنگلہ دیشی بلے باز پاکستانی بولرز کا اچھی طرح سامنے کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو میچ میں جان آ جائے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں