1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شکیرا کی یوکرائن کے فٹ بال اسٹیڈیم میں پرفارمنس

9 اکتوبر 2011

کولمبیا سے تعلق رکھنے والی پاپ سنگر شکیرا نے یوکرائن کے صدر کی موجودگی میں دارالحکومت کیو کے اولمپک اسٹیڈیم میں پرفارم کیا ہے۔ اس اسٹیڈیم میں اگلے برس فٹ بال یورو کپ کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/12oPW
شکیرا عالمی کپ دو ہزار دس کے دوران اپے فن کا مظاہرہ کرتی ہوئیںتصویر: AP

شکیرا نے ساٹھ ہزار کے قریب تماشائیوں کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس اسٹڈیم کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کہ یہاں نہ صرف یہ کہ یورو کپ دوہزار بارہ کے پانچ میچ کھیلے جائیں گے بلکہ یکم جولائی دو ہزار بارہ کو ٹورنامنٹ کا فائنل بھی اسی میدان پر کھیلا جائے گا۔ میدان کی تعمیر نو کے حوالے سے کرپشن سمیت کئی تنازعات سامنے آتے رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ شکیرا کا صدر یانوکووچ کے ہمراہ اس تقریب میں شرکت کا مقصد یوکرائن کے یورو کپ مقابلے منعقد کرنے کے عزم کو تقویت دینا ہے۔

خیال رہے کہ اگلے برس فٹ بال یورو کپ مقابلے یوکرائن اور پولینڈ مشترکہ طور پر کروا رہے ہیں۔

NO FLASH Euro 2012 Stadion Kiew
کیو کا وہ اسٹیڈیم جو کہ تنازعات میں گھرا رہاتصویر: picture alliance/dpa

یاد رہے کہ شکیرا گزشتہ برس جنوبی افریقہ میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ مقابلوں کی تقریب میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کر چکی ہیں۔ یوکرائن میں ہونے والی اس تقریب میں شکیرا کے علاوہ دو ہزار فن کاروں نے پرفارم کیا۔ تقریب کی خاص بات آتش بازی بھی تھی جس سے لوگ بہت محظوظ ہوئے۔

مذکورہ اسٹیڈیم جون تک مکمل ہو جانا چاہیے تھا تاہم کرپشن سمیت مختلف تنازعات کے باعث اس کی تکمیل مقررہ وقت تک نہ ہو سکی۔ اس اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر پانچ سو پچاسی ملین یورو لاگت آئی ہے۔ تاخیر کے سبب یورپی فٹ بال ایسوسی ایشن نے یوکرائن کے ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی صلاحیت پر سوالات اٹھائے تھے۔ تاہم یوکرائن کے حکام کی یقین دہانیوں کے بعد ستمبر تک یو ای ایف اے کو اسٹیڈیم کے حوالے سے اطمینان ہو گیا تھا۔

اس اسٹیڈیم پر کام تین برس پہلے شروع ہوا تھا۔

رپورٹ: شامل شمس⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: امتیاز احمد