1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شہرت کو نقصان: میلانیا ٹرمپ کا دو میڈیا اداروں پر مقدمہ

افسر اعوان2 ستمبر 2016

ری پبلکن پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے اُن دو میڈیا اداروں کے خلاف مقدمہ کر دیا ہے، جنہوں نے کہا تھا کہ میلانیا 1990ء کی دہائی میں ’اسکارٹ‘ رہ چکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JulK
میلانیا ٹرمپتصویر: picture-alliance/dpa/P. Foley

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میری لینڈ کی ایک عدالت میں یہ مقدمہ ’میل میڈیا‘ اور ’ویبسٹر جی ٹارپلی‘ کے خلاف دائر کیا گیا ہے۔ میل میڈیا ڈیلی میل آن لائن شائع کرنے والا ادارہ ہے جبکہ ویبسٹر جی ٹارپلی ایک بلاگ شائع کرتا ہے۔

سلووینیا سے تعلق رکھنے والی سابق ماڈل میلانیا نے ان میڈیا اداروں کے خلاف اپنی شہرت کو نقصان پہنچانے پر 150 ملین ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔

میلانیا کے وکیل چارلس ہارڈر کے مطابق، ’’مدعائیاں علیہ نے مسز ٹرمپ کے خلاف مختلف طرح کے بیانات دیے، جو 100 فیصد غلط اور ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ شہرت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’مدعائیاں علیہ نے اپنے یہ جھوٹ نشر کیے، جو امریکا اور دنیا بھر میں کئی ملین افراد تک پہنچے... ان کے اقدامات مسز ٹرمپ کے لیے اس قدر سنگین، مبنی بر عناد اور نقصان دہ ہیں کہ ان کے نقصانات کا اندازہ 150 ملین ڈالرز لگایا گیا ہے۔‘‘ چارلس ہارڈر پرائیویسی کے تحفظ اور شہرت کو نقصان پہنچانے سے متعلق مقدمات میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں۔

ڈیلی میل آن لائن کی طرف سے 20 اگست کو شائع کردہ آرٹیکل سے دستبراری سے متعلق بیان جاری کیا گیا ہے۔ اس آرٹیکل کا عنوان تھا، ’’برہنہ تصاویر اور ویزوں سے متعلق تکلیف دہ سوالات، جو پیچھا نہیں چھوڑیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ کی سلووینیا سے تعلق رکھنے والی بیوی کا انتہائی تیکھا ماضی۔‘‘

پُر وقار میلانیا اپنے ارب پتی شوہر ڈونلڈ ٹرمپ سے عمر میں 24 برس چھوٹی ہیں
پُر وقار میلانیا اپنے ارب پتی شوہر ڈونلڈ ٹرمپ سے عمر میں 24 برس چھوٹی ہیںتصویر: Reuters/M. Segar

آرٹیکل سے دستبردای کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس آرٹیکل کا ’’مقصد یہ بتانا یا تجویز کرنا نہیں تھا کہ یہ الزمات درست ہیں، نہ ہی ان کا مقصد یہ بتانا یا تجویز کرنا تھا کہ مسز ٹرمپ کبھی جنسی کاروبار میں سرگرم رہ چکی ہیں یا وہ اسکارٹ رہی ہیں۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’اس آرٹیکل کا نکتہ یہ تھا کہ یہ الزامات امریکی صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، بھلے یہ غلط ہی ہیں۔‘‘

پُر وقار میلانیا اپنے ارب پتی شوہر ڈونلڈ ٹرمپ سے عمر میں 24 برس چھوٹی ہیں۔ وہ ٹرمپ کی تیسری بیوی اور ان کے نوجوان بیٹے بیرن کی والدہ ہیں۔ وہ اپنے ماڈلنگ کیریئر کے سلسلے میں 1996ء میں امریکا گئیں، جہاں دو برس بعد ان کی ملاقات ریئل اسٹیٹ کے بادشاہ اور ریئیلیٹی ٹیلی وژن کے اسٹار ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی، جو شادی پر منتج ہوئی۔