1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکروسافٹ کا امریکی حکومت پر مقدمہ

افسر اعوان14 اپریل 2016

امریکی ادارے مائیکروسافٹ نے صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کے معاملے پر امریکی حکومت کے خلاف ایک مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ یہ مقدمہ ایسے صارفین کو باخبر کرنے کا حق دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے جن کے ڈیٹا تک حکومت رسائی حاصل کرتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1IW82
تصویر: Reuters

صارفین کی پرائیویسی کے معاملے پر امریکی ٹیکنالوجی اداروں اور حکومت کے درمیان کشمکش کی یہ تازہ کڑی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بدھ 13 اپریل کو یہ مقدمہ دارالحکومت واشنگٹن کے مغربی ڈسٹرکٹ میں قائم ایک وفاقی عدالت میں دائر کیا گیا۔ اس مقدمے میں دلیل پیش کی گئی ہے کہ امریکی حکومت مائیکروسافٹ کمپنی کو ایسے صارفین کو مطلع کرنے سے روک کر آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے، جن کے ڈیٹا تک وہ تفتیشی مقاصد کے لیے رسائی حاصل کرتی ہے۔ مائیکروسافٹ کی خواہش ہے کہ ایسے ہزاروں صارفین کو وہ اِس بات سے مطلع کرے جن کی ای میلز اور دیگر دستاویزات تک حکومتی ادارے رسائی کی درخواست کرتے ہیں۔

اس مقدمے کے مطابق ایسے حکومتی اقدامات دراصل آئین کی چوتھی ترمیم کی خلاف ورزی ہیں، جس کے مطابق لوگوں اور کاروباری اداروں کو یہ حق حاصل ہے کہ اگر حکومت ان کی پراپرٹی کی تلاشی لیتی ہے یا اسے ضبط کرتی ہے تو انہیں اس کی خبر ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ یہ آزادی اظہار کا حق دینے والی امریکی آئین میں پہلی ترمیم کی بھی خلاف ورزی ہے۔

Microsoft Dossier Bild 2
تصویر: picture-alliance/ dpa

مائیکروسافٹ کی طرف سے دائر کردہ یہ مقدمہ دراصل صارفین کے اپنے کمپیوٹرز پر موجود ڈیٹا کی بجائے ایسے ڈیٹا تک رسائی سے متعلق ہے جو ریموٹ سرورز پر موجود ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق حکومت کے لیے ایسے الیکٹرانک ڈیٹا تک رسائی سے تفتیش کا ایک نیا راستہ کُھل گیا ہے۔

مائیکروسافٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے گزشتہ 18 ماہ کے دوران صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کے 5,624 احکامات موصول ہوئے جن میں سے 2,576 کیسز میں مائیکروسافٹ کو اس بات سے روک دیا گیا کہ وہ مطلوبہ صارفین کو اس بات سے باخبر کر سکتی کہ حکومت کی طرف سے ان صارفین کے ڈیٹا تک رسائی کی درخواست کی گئی ہے۔ مائیکروسافٹ کے مطابق ایسے زیادہ تر احکامات کمپنیوں کی بجائے انفرادی لوگوں کے بارے میں ہیں۔ اس کے علاوہ اس بات کا کوئی وقت بھی مقرر نہیں کیا گیا جس کے بعد مائیکروسافٹ اپنے ایسے صارفین کو مطلع کر سکتی ہو۔

مائیکروسافٹ اور دیگر کمپنیوں نے دو برس قبل یہ حق حاصل کیا تھا کہ وہ حکومت کی طرف سے ڈیٹا تک رسائی فراہم کرنے کے لیے کی جانے والی درخواستوں کی کُل تعداد کو عام کر سکتی ہیں۔ گزشتہ روز دائر کیے جانے والے مقدمے میں اب اس بات کا حق حاصل کرنے کی بات کی گئی ہے کہ ایسے لوگوں اور کاروباری اداروں کو باقاعدہ مطلع بھی کیا جا سکے کہ حکومت ان کی معلومات تک رسائی حاصل کرنا چاہتی ہے۔