1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صالح سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا، امریکہ

27 دسمبر 2011

واشنگٹن انتظامیہ نے کہا ہے کہ یمن کے صدر علی عبداللہ صالح کو علاج کے لیے امریکہ میں داخلے کی اجازت دینے سےمتعلق خبریں غلط ہیں اور اس حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/13ZaB
یمن کے صدر علی عبداللہ صالحتصویر: picture alliance/dpa

وائٹ ہاؤس کے نائب ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ امریکی حکام علی عبداللہ صالح کی درخواست پر غور کر رہے ہیں اور ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے یہ بیان نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی اس خبر کے ردِ عمل میں دیا، جس میں ایک حکومتی عہدے دار کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ صالح کو انٹری دے دی جائے گی۔

گزشتہ ویک اینڈ پر یمن میں پر تشدد کارروائیاں ایک مرتبہ پھر شروع ہو گئی تھیں جبکہ صالح نے یہ کہہ کر ایک تنازعہ کھڑا کر دیا تھا کہ وہ امریکہ جانا چاہتے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک اعلیٰ امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ صالح کے دفتر سے صنعاء میں امریکی سفارت خانے سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ’خصوصی علاج‘ کے لیے امریکہ جانا چاہتے ہیں۔

بعد ازاں ٹائمز نے انتظامیہ کے نامعلوم اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ واشنگٹن انتطامیہ صالح کی درخواست پر طویل بحث کے بعد ان کو نیویارک سٹی کے سفر کی اجازت دے دے گی۔

تاہم ارنسٹ کا کہنا ہے: ’’امریکی حکام صالح کو علاج کے واحد مقصد کے تحت ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے متعلق ان کی درخواست پر غور جاری رکھے ہوئے ہیں، لیکن انہیں اجازت دیے جانے سے متعلق ابتدائی رپورٹیں درست نہیں۔‘‘

9/11 Gedenken
صالح علاج کے لیے امریکہ جانا چاہتے ہیںتصویر: dapd

یہ واضح نہیں کہ واشنگٹن انتظامیہ صالح کی درخواست کا حتمی فیصلہ کب کرے گی۔ امریکہ اس بات کی یقین دہانی چاہتا ہے کہ فروری میں انتخابات تک یمن میں سیاسی تبدیلی کا عمل احسن طریقے سے انجام پا جائے، جس کے بعد صالح نے اقتدار چھوڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق بعض تجزیہ کاروں کی رائے میں یہ اسی صورت میں زیادہ ممکن ہے، جب صدر اپنا عہدہ چھوڑ دیں۔

تاہم صالح کو امریکہ میں داخلے کی اجازت دینے پر اوباما انتظامیہ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ اس پیش رفت کو ایک ایسے رہنما کو پناہ دینے کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جس پر اپنے اقتدار کے خلاف مظاہروں میں سینکڑوں ہلاکتوں کا الزام ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل / خبر رساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں