1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

صحیح یونیورسٹی اور ڈگری کا انتخاب

امتیاز احمد30 اپریل 2013

جرمنی میں مختلف اقسام کی یونیورسٹیاں ہیں، جو بہترین معیار کی تعلیم فراہم کرتی ہیں۔ ان سینکڑوں یونیورسٹیوں میں سے آپ کے لیے مناسب یونیورسٹی اور موزوں کورس کے انتخاب میں ہم آپ کی مدد کریں گے۔

https://p.dw.com/p/18PkL

جرمن یونیورسٹی سسٹم

جرمنی بھر کے 175 شہروں میں سرکاری سطح پر تسلیم شدہ یونیورسٹیوں کی تعداد 380 سے بھی زائد ہے۔ ان یونیورسٹیوں میں مجموعی طور پر 15 ہزار سے زائد تعلیمی پروگرام جاری ہیں۔ اصولاً ان میں سے ہر ایک یونیورسٹی یکساں معیار رکھتی ہے لیکن ان میں سے ہر ایک کا منفرد اور مخصوص مضامین پر فوکس ہے۔ عام طور پر جرمنی میں تین اقسام کی یونیورسٹیاں ہیں۔

یونیورسٹیز آف ریسرچ اورینٹڈ اسٹڈی

یونیورسٹیز آف اپلائیڈ سائنسز فار پریکٹس اورینٹڈ اسٹڈی

کالج آف آرٹ، فلم اینڈ میوزک آف آرٹِسٹک کورسز

1 یونیورسٹیز آف ریسرچ اورینٹڈ اسٹڈی

جرمنی کی 109 یونیورسٹیوں میں زیادہ تر توجہ تھیوری پر مرکوز رکھی جاتی ہے۔ ان میں زیادہ تر وقت تعلیم اور تحقیق پر صرف کیا جاتا ہے۔ ان یونیورسٹیوں میں بڑی تعداد میں مضامین پڑھائے جاتے ہیں، جیسے کہ قانون (law)، ہیومینیٹیز (humanities)، کلچرل اسٹڈیز، نیچرل سائنسز، اکنامکس/ بزنس ایڈمنسٹریشن اور میڈیسن وغیرہ۔ اگر آپ جرمنی سے ڈاکٹریٹ کرنا چاہتے ہیں تو یونیورسٹی آپ کے لیے بہترین جگہ ہے۔

2 یونیورسٹیز آف اپلائیڈ سائنسز فار پریکٹس اورینٹڈ اسٹڈی

جرمنی کی 216 یونیورسٹیوں میں فنی اور پریکٹیکل تعلیم پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ ان اداروں میں اسٹوڈنٹس کو مخصوص شعبوں میں کام کرنے کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔ ان یونیورسٹیوں میں کئی سمسٹرز کے دوران آپ کو ساتھ ساتھ عملاً کسی ادارے یا فرم وغیرہ میں کام بھی کرنا پڑتا ہے۔ ان ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کو عام طور پرTU،TH یا PH یونیورسٹیوں کے نام سے جانا جاتا ہے۔

3 کالج آف آرٹ، فلم اینڈ میوزک آف آرٹِسٹک کورسز

اگر آپ فنکارانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں تو پھر جرمنی کے آرٹ، فلم اور میوزک کے 55 کالج آپ کی بہترین چوائس ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کالجوں میں پینٹنگ، سنِگنگ اور موسیقی کے آلات بجانے سے لے کر اداکاری اور ہدایتکاری سے متعلق مضامین بھی پڑھائے جاتے ہیں۔

وفاقی ریاستیں اور تعلیمی قوانین

جرمنی بھر میں تعلیمی پالیسیاں یکساں نہیں ہیں۔ جرمنی کی مجموعی طور پر 16 وفاقی ریاستیں (صوبے) ہیں اور ان میں سے ہر ایک کی اپنی حکومت اور اپنی تعلیمی پالیساں ہیں۔ جرمنی کی زیادہ تر یونیورسٹیاں سیلف ریگولیٹری ہیں، یہی وجہ ہے کہ ایک یونیورسٹی کے قواعد و ضوابط کسی دوسری یونیورسٹی سے مختلف بھی ہو سکتے ہیں۔

سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیاں

جرمنی کی زیادہ تر یونیورسٹیوں (240) کو وفاقی حکومتیں فنڈز فراہم کرتی ہیں۔ اگر آپ ان یونیورسٹیوں میں داخلہ لیتے ہیں تو آپ کو ٹیوشن فیس ادا نہیں کرنا پڑتی یا پھر برائے نام رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔ جرمنی میں نجی اور چرچ یونیورسٹیاں بھی ہیں۔ دونوں اقسام کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی معیار اعلیٰ ہے۔

پرائیویٹ یونیورسٹیاں

حالیہ چند برسوں میں جرمنی میں نجی یونیورسٹیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ دس برسوں میں ان کی تعداد 24 سے بڑھ کر 100 تک جا پہنچی ہے۔ ان میں اکثریت سائنسی یونیورسٹیوں کی ہے۔ آج کل جرمنی کے تقریباﹰ پانچ فیصد طلباء انہی یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں بھاری فیسیں ادا کرنا پڑتی ہیں۔ ایک کورس پر 30 ہزار یورو تک کا خرچ آ سکتا ہے۔

اہم نوٹ: اگر آپ کسی پرائیویٹ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو اس بات کی تصدیق کر لیں کہ یہ سرکاری طور پر تسلیم شدہ ہے۔

چرچ یونیورسٹیاں

جرمنی کی تقریباﹰ 40 یونیورسٹیوں کو فنڈز پروٹسٹنٹ یا کیتھولک چرچ کی طرف سے فراہم کیے جاتے ہیں۔ ان درس گاہوں میں مذہب اور سماجیات سے متعلق مضامیں پڑھائے جاتے ہیں۔

صحیح کورس کی تلاش

اگر آپ جرمنی میں تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن آپ کو کورس یا پھر یونیورسٹی کے انتخاب میں مشکل کا سامنا ہے، آپ ’پی ایچ ڈی‘ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں یا پھر کوئی مناسب پروگرام تلاش کر رہے ہیں، ہم ہر مرحلے پر آپ کے تمام سوالوں کا جواب دینے میں مدد کریں گے۔

جرمن یونیورسٹیوں میں پڑھائے جانے والے کورسز اور مضامین کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ ان میں سے بہت سے کورسز خاص طور پر غیر ملکی طلباء کے لیے ہیں اور انگلش زبان میں کروائے جاتے ہیں۔ آپ جرمنی میں مکمل کورس یا پھر تعلیمی تربیت کا صرف ایک حصہ مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کر سکتے ہیں۔

اسپیشل ٹریننگ یا انٹینسِو کورس

یقیناً آپ جرمنی میں شارٹ کورسز کے لیے بھی آ سکتے ہیں۔ بہت سی یونیورسٹیاں خاص طور پر موسم گرما کی چھٹیوں میں غیر ملکی طلباء کے لئے لینگوئیج یا اسپیشیلسٹ کورسز کرواتی ہیں۔ موسم گرما میں کون سے مخصوص کورسز کروائے جاتے ہیں، یہ جاننے کے لیے ہمارا اگلا آرٹیکل ’’مطلوبہ یونیورسٹی اور کورسز تلاش کرنے کا طریقہ‘‘ پڑھیے۔