1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طالبان کی جانب سے پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ

4 جولائی 2009

جمعہ کے روز پاکستان کے قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ تحریک طالبان پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی فوج کے اس ہیلی کاپٹر کو طالبان عسکریت پسندوں نے مار گرایا ہے۔

https://p.dw.com/p/IgbY
تصویر: picture-alliance/ dpa

پاکستان کے ایک مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے تحریک طالبان کے ایک ترجمان نے کہا کہ قبائلی علاقے اورکزئی میں طالبان نے اپنے ہاتھوں مار گرائے جانے والے اس ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کو یرغمال بھی بنا لیا ہے۔

دریں اثناء پاکستانی فوج نے اپنے ایک ہیلی کاپٹر کی تباہی کی تصدیق کر دی ہے تاہم فوجی ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے طالبان کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر قبائلی علاقے اورکزئی میں تکنیکی وجوہات کی بنا پر گر کر تباہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اورکزئی ایجنسی میں کسی قسم کو کوئی آپریشن نہیں کیا جارہا بلکہ یہ فوجی ہیلی کاپٹر فاٹا کہلانے والے قبائلی علاقوں سے پشاور کی جانب پرواز پر تھا اور راستے ہی میں کریش ہو گیا۔

فوجی ترجمان اطہر عباس نے فوری طور پر اس واقعے میں ہلاک شدگان کی تعداد نہیں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر کسی جنگی مشن پر نہیں بلکہ عسکری معاونت کے کاموں پر مامور تھا۔

اس سے قبل مقامی میڈیا کا کہنا یہ تھا کہ پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹر پر عسکریت پسندوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے اور اسے نقصان پہنچا ہے۔ مقامی میڈیا نے غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں مرنے والے فوجی اہلکاروں کی تعداد پانچ بتائی لیکن سرکاری طور پر مرنے والوں کی تعداد کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : مقبول ملک