1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طبعیات کے نوبل انعام کا اعلان

7 اکتوبر 2009

تین امریکی سائنس دان مشترکہ طور پرعالمی نوبل انعام برائے طبیعات کے ساتھ ساتھ روشنی کے استاد کہلانے کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/K0FT
فزکس کے نوبل انعام یافتگان برائے سن دو ہزار نوتصویر: DW/picture-alliance/dpa

Charles Kao، Willard Boyle اور George Smith، جنہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی یعنی معلومات اور رابطے کی دنیا میں نئی جہتوں کیلئے بنیاد فراہم کرنے پرنوبل انعام دیا گیا ہے۔

سال دوہزار نوکا طبیعات کا نوبل جیتنے والے ان سائنس دانوں کو ان کی تیس سال پرانی دو ایجادات کے اعتراف میں یہ انعام ملا۔ ایک 1966ء میں فائبر ٹیکنالوجی دریافت کرنا جس کا سہرا Charles Kao کے سر ہے جبکہ دوسری ایجاد1969میں جدید فوٹو گرافی کی بنیاد رکھنا جو George Smith اورWillard Boyle کی مشترکہ کوشش تھی۔

Nobelpreis Alfred Nobel
بیسویں صدی کے آغاز سے نوبل انعام دینے کا سلسلہ الفریڈ نوبل کے نام پر شروع کیا گیاتصویر: AP

برطانوی نژاد امریکی Charles Kao نے آج سے تینتیس سال قبل فائبر آپٹک کے زریعے ایک سے دوسری جگہ ڈیٹا منتقل کرنے کا نظریہ پیش کیا تھا۔ اسی کی بدولت آج کل فاصلوں کی قید سے آزاد ہوکردنیا کے ایک کونے سے دوسرےتک خط وکتابت، موسیقی، او تصاویر کے بشمول ہر قسم کا ڈیٹا پلک جھپکنے میں بھیجا جاسکتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا کہ آج دنیا بھر میں جتنی فائبر آپٹک پھیلی ہوئی ہے وہ پوری دنیا کے گرد پچیس ہزار بار لپیٹی جاسکتی ہے جس میں روز بروز ہزاروں کلومیٹٰر کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے۔

جدید فوٹوگرافی کی بنیاد رکھنے پر مشترکہ انعام جیتنے والے George Smithاورکینیڈین نژاد امریکی Willard Boyle نے 1969ئ میںCharged Coupled Device کا نظریہ پیش کیا تھا جو آج کل کے کیمرے کی برقی آنکھ کہلاتا ہے۔ مشہور زمانہ جرمن سائنس دان آئن سٹائن کی فوٹو الیکٹرک تھیوری سے متاثرہ ان سائنس دانوں نے روشنی کو برقی اشاروں یعنی electrical signals میں تبدیل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔

انعام دینے والی کمیٹٰی نے اپنے تبصرے میں کہا کہ اس ایجاد نے تصویر سازی کو نئی جہت بخشی، جس کے بعد تصاویر کا فلم پر انحصار ختم ہوا اور انہیں برقی طور پر محفوظ کرنا ممکن ہوا۔

انعام یافتہ طبیعات دان Williard Boyle نے انعام حاصل کرنے پر مسرت ظاہرکرتے ہوے کہا کہ اپنی ایجاد پر انہیں فخر اس وقت محسوس ہوا جب انسان نے مریخ کی تصویر بنائی جس میں ظاہر ہے کہ انہی کی تکنیک استعمال ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ جدید طریقہ تصویر کشی سے انسانی جسم کی اندرونی تصویر بھی بنائی جاسکتی ہے جسے طب کی دنیا کیلئے بھی ایک انقلاب قراردیا گیا تھا۔

نوبل انعامات کا سلسلہ جاری ہے بدھ کو کیمیا، جمعرات کو ادب، جمعہ کے روز امن اور پیر کے روزمعاشیات کے عالمی انعام کا اعلان کیا جائے گا۔ باقاعدہ طور پر انعامات کی تقسیم دس دسمبر کو اسٹاک ہولم اور اوسلو میں ہوگی۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: امجد علی