1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی اقتصادی استحکام میں ایشیا اہم فریق، راجا پاکسے

27 اکتوبر 2011

سری لنکا کے صدر نے مغربی ممالک پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مالی بحران کے حل کے لیے ’انتہائی کم‘ اقدامات کر رہے ہیں اور ’بہت سست روی‘ کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی سطح پر استحکام کے لیے ایشیا ایک اہم فریق ہے۔

https://p.dw.com/p/1301L
سری لنکا کے صدر مہیندر راجا پاکسےتصویر: AP

آسٹریلیا میں دولت مشرکہ سمٹ کے دوران خطاب کرتے ہوئے سری لنکا کے صدر مہیندر راجا پاکسے نے خبردار کیا کہ کچھ ترقی یافتہ ممالک میں بیروزگاری کی بلند شرح کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بحرانی صورتحال دیگر خطوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا، ’اقتصادی طاقتوں کے لیے آج سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اقتصادی حوالے سے قطعی فیصلہ سازی کے عمل میں انتہائی سست روی کا شکار ہیں اور اس کے لیے انتہائی کم اقدامات اٹھا رہے ہیں‘۔

راجا پاکسے نے عالمی اقتصادیات کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو اس بحران پر قابو پانے کے لیے مشترکہ طور پر کسی لائحہ عمل پر متفق ہوتے ہوئے اس پر فوری عمل بھی کرنا چاہیے۔ راجا پاکسے نے کہا، ’ایسا نہ ہو کہ صورتحال مزید بگڑ جائے اور اس کا حل ممکن نہ رہے‘۔

سری لنکا کے صدر نے کہا کہ خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد سے یہ جنوبی ایشیائی ملک اقتصادی حوالے سے ترقی کی راہوں پر گامزن ہے اور ایشیائی بلاک کی اقتصادی طاقت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ راجا پاکسے کے بقول دنیا میں جہاں اقتصادی حوالے سے غیر یقینی کی کیفیت بڑھتی جا رہی ہے، وہاں جو واحد جغرافیائی خطہ کسی حد تک محفوظ ہے، وہ ایشیا اور ایشیا بحرالکاہل کا علاقہ ہے۔

Bürgerkrieg in Sri Lanka
الزام عائد کیا جاتا ہے کہ کولمبو حکومت نے تامل باغیوں کی تحریک کو کچلنے کے لیے بڑے پیمانے پر شہریوں کو بھی ہلاک کیاتصویر: AP

دریں اثناء کولمبو حکومت نے ملک میں خانہ جنگی کے اواخر میں مبینہ طور پر رونما ہونے والے جنگی جرائم کے الزامات کو مخالفین کا ایک پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ پرتھ میں جاری کامن ویلتھ سمٹ کے دوران سری لنکا کے صدر کے ترجمان بندولا جے سیکرا نے کہا کہ اس حوالے سے کولمبو حکومت پر دباؤ ’ناجائز‘ ہے۔ انہوں نے کہا، ’یہ تامل علیحدگی پسندوں LTTE کی طرف سے عام کیا جانے والا ایک پروپیگنڈا ہے، جس میں کوئی صداقت نہیں ہے‘۔

کولمبو حکومت پر الزام ہے کہ اس نے 2009ء میں تامل باغیوں کی تحریک کو کچلنے کے لیے بڑے پیمانے پر شہریوں کو بھی ہلاک کیا تھا۔ آسٹریلوی وزیر اعظم جولیا گیلارڈ نے بدھ کو سری لنکا کے صدر راجا پاکسے سے اپنی ملاقات کے دوران اس معاملے کو اٹھایا تھا۔

مہیندا راجا پاکسے کا مؤقف ہے کہ ملک کو ترقی کی راہوں پر ڈالنے کے لیے دہشت گرد تنظیم کی پر تشدد کارروائیوں کا خاتمہ ضروری تھا۔ کولمبو حکومت تامل باغیوں کی تیس سالہ تحریک کے خلاف کیے جانے والے عسکری آپریشن کے دوران جنگی جرائم کے ارتکاب سے متعلق تمام تر الزامات کو مسترد کرتی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں