1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی برادری پاکستان کی مدد کرے، اقوام متحدہ

12 اگست 2010

اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے تقریباﹰ 46کروڑ ڈالر کی اپیل جاری کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ لاکھوں متاثرین کے لئے یہ رقم آئندہ تین ماہ کے لئے درکار ہے۔

https://p.dw.com/p/Oixq
جان ہولمزتصویر: picture-alliance / dpa

اقوام متحدہ نے عالمی برادری پر رقوم جاری کرنے کے لئے زور دیا ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے کے سربراہ جان ہولمز کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آنے والا سیلاب حالیہ برسوں میں کسی بھی ملک کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک کروڑ 40 لاکھ متاثرین کی مدد کے لئے 45 کروڑ 90 لاکھ ڈالر فوری طور پر درکار ہیں۔

Überschwemmung in Pakistan
سیلاب سے پاکستان کی دس فیصد آبادی متاثر ہےتصویر: ap

اس سیلاب کے نتیجے میں اب تک 1600 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جان ہولمز نے نیویارک میں ایک بیان میں کہا کہ لاکھوں متاثرین کو فوری طور پر خوراک اور صاف پانی سمیت امدادی اشیاء فراہم نہ کی گئیں تو مزید لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

جان ہولمز نے کہا کہ ہر دس میں سے ایک پاکستانی سیلاب سے متاثر ہوا ہے اور کم ازکم 60 لاکھ افراد کو فوری امداد درکار ہے۔ انہوں نے کہا، ’قصبے اور گاؤں کے گاؤں سیلابی ریلوں کی نذر ہو گئے ہیں، بجلی اور مواصلات کا نظام تباہ ہو گیا ہے، پُل اور سڑکیں بہہ گئی ہیں جبکہ رہائشی اور غیررہائشی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

جان ہولمز نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی حکومت امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے لیکن تنہا اس سے نمٹ نہیں سکتی۔

واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے سیلاب زدگان کے لئے امدادی کارروائیوں میں شمولیت پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے جان ہولمز کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی اپیل کا مقصد متاثرین کی فلاح ہے نہ کہ سیاست کی۔ انہوں نے کہا، ’دوسرے لوگوں کو یہ تشویش ہو سکتی ہے، لیکن اس پر اقوام متحدہ، اس کے ذیلی اداروں اور انسانی ہمدردی کے لئے کام کرنے والی دوسری ایجنسیوں کو تشویش نہیں ہے۔

Hochwasser in Pakistan
سیلاب سے متاثرہ ایک خاتون کے بہتے آنسوتصویر: AP

دوسری جانب ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب سے گزرنے والا مون سون کا سسٹم کمزور پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے طوفانی بارشوں کے سلسلے میں تین دن کا وقفہ ہو سکتا ہے۔ تاہم اس دوران کہیں کہیں بارش کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔

اُدھر امریکہ نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لئے فراہم کئے گئے ہیلی کاپٹروں کی تعداد تین گنا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی ہیلی کاپٹر پہلے ہی خیبر پختونخواہ صوبے کے شمالی علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں