1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی مالیاتی بحران : کسی معجزے کے انتظار میں

Qureshi, Abid Hussain1 اکتوبر 2008

امریکی مالیاتی بحران کے اثرات عالمی سطح پر پھیل چکے ہیں۔ بڑھتی افراطِ زر، مسلسل مہنگائی میں اضافہ، بازار حصص میں گو مگو کی کیفیت اور کمزور ہو تی اقوام کی معیشت سے عالمی مالیاتی نظام کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ چکا ہے۔

https://p.dw.com/p/FRwX
امریکی صدر بُش اور وزیر خزانہ ہنری پالسنتصویر: AP

امریکی مالیاتی بحران کے عالمی اقتصادی منظر نامے پر پیدا ہونے والے اثرات کے تناظر میں کئی ملکوں کی جانب سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اِس بحران کی ذمہ داری اب امریکہ کو قبول کر لینی چاہئے۔ برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن نے سکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو احساس کرنا چاہئے کہ اُس پر اندرون ملاک اور بیرون ملک یعنی بقیہ دنیا کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ برطانوی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اِس صورت حال میں امریکہ کو آگے بڑھتے ہوئے اپنی بحران زدہ کمپنیوں اور باقی دنیا کے مالیاتی اداروں میں پیدا شدہ صورت حال کی ذمہ داری کو قبول کرنا ضروری ہے۔

Großbritannien Premierminister Gordon Brown
برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن کی خواہش ہے کہ امریکہ موجودہ مالیاتی بحران کی ذمہ داری قبول کرے۔تصویر: AP

دوسری جانب ایوانِ زیریں میں بُش انتظامیہ کے سات سو ارب ڈالر کے ریسکیو پلان کو مسترد کرنے پر امریکی صدر نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسئلے سے نمٹنے کے لئے کوششوں کا اختتام نہیں ہے۔ صدر بُش کا یہ بھی کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ ہر دِن بعد صورت حال مزید گھمبیر ہوتی جا رہی ہے اور اگر جلد کوئی راست قدم نہیں اٹھاتے تو نتائج انتہائی خراب ہو سکتے ہیں۔ امریکی صدر کے مطابق ڈوبے ہوئےکھربوں ڈالر کو واپس حاصل کرنے کے لئے جو قیمت تجویز کی گئی ہے وہ بہت کم ہے۔ امریکی سیاسی جماعت ری پبلکن کے صدارتی امیدوار جان میک کین نے بھی ایوان زیریں میں ریسکیو پلان کے مسترد ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا اِس بحران کے تناظر میں واشنگٹن کی جانب دیکھ رہی تھی مگر کانگریس خالی ہاتھ کے ساتھ سامنے آئی ہے۔

Capitol Hill in Washington
امریکی کانگریس کی بلڈنگتصویر: Illuscope

امریکی کانگریس میں ایک اور ووٹنگ کے امکانات کی وجہ سے امریکی اور یورپی سٹاک مارکیٹ میں منگل کو تیزی دیکھنے میں آئی۔ دوسری جانب مالیاتی منڈیوں یا منی مارکیٹس جہاں سے بینک اپنی کم مدتی سرمایہ کاری کے لئے قرضے لیتے ہیں وہاں مرکزی بینکوں کی جانب سے اربوں ڈالر ڈالنے کے باوجود صورت حال میں ٹھہراؤ دیکھنے میں آ رہا ہے جو کسی طوفان کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔

عالمی اقتصادی منظر نامے کے اہم ممالک جیسے بھارت اور جرمنی ہیں اُن کی جانب سے امریکی کانگریس میں مالیاتی بحران سے نمٹنے والے ریسکیو پلان پر دوبارہ ووٹنگ کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔

ترقی یافتہ ملکوں میں باقاعدہ بے چینی محسوس کی جا رہی ہے۔ اِس مناسبت سے حکومتوں کے اقتصادی مشیر مالیاتی منڈیوں پر نگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ رابطوں اور ملاقاتوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ ملاقاتوں کے اِس تازہ سلسلے میں نئے جاپانی وزیر اعظم Taro Aso نے یورپی سنٹرل بینک کے سربراہ Jean-Claude Trichet سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ تمام تر خطرات کے باوجود عالمی مالیاتی نظام کو ناکام نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Deutschland EZB Jean-Claude Trichet in Frankfurt
یورپی سنٹرل بینک کے صدرJean-Claude Trichet جو دوسرے ترقی یافتہ ملکوں کے مرکزی بینکوں کے ساتھ مالیاتی بحران کو حل کرنے کی مشورت میں مصروف ہیں۔تصویر: AP

دوسری جانب عالمی مالیاتی بحران کا نشانہ ایک اور اہم یورپی بینک بن گیا ہے اور وہ ہے Dexia بینک جس کی مدد کو فرانس، بیلجئم اور لکسمبورگ سامنے آئے ہیں۔ اِن ملکوں کی جانب سے نو ارب ڈالر کی مدد فراہم کی گئی ہے۔

Frankreich Belgien Finanzkrise Dexia
فرانس اور بیلجئم کا Dexiaبینک جو مالی بحران کا نیا شکار ہے۔تصویر: AP

یورو زون کا ملک آئر لینڈ بھی مالیاتی بحران کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ آئر لینڈ ، سٹاک مارکیٹ کے کریش ہونے اور سالانہ شرح نمو میں ترقی انتہائی کم ہونے کے بعد باقاعدہ طور پر اقتصادی کسادبازاری کی دلدل میں پھنس گیا ہے۔ حکومت نے اپنے کسٹمرز کے اعتماد کو بحال رکھنے کے لئے اعلان کرتے ہوئے اُن کی جمع شدہ رقم کی باقاعدہ ضمانت فراہم کی ہے۔

O'Connell Brücke Brücke in Dublin
ڈبلن شہر کا کسٹم ہاؤستصویر: dpa

دوسری جانب اقتصادی ماہرین کا خیال ہے کہ ابھی مالیاتی بحران کی خراب ترین صورت نے نمودار ہونا ہے کیونکہ مالیاتی بحران سردست کاروبار کے کریڈٹ کو ہڑپ کرنے میں مصروف ہے اور اگر اِس کو بچانے کی تمام تدابیر ناکام ہو گئیں تو عالمی مالیاتی نظام برف کی طرح پگھلنے لگے گا۔ ایسے خیالات بھی سامنے آنے لگے ہیں کہ بڑے بینکوں کے دیوالیہ ہونے کے اعلان سے مالیاتی بحران میں کمی واقع ہونے کا امکان نہیں ہے۔ اِس کے لئے ضروری ہے کہ مرکزی بینک شرح منافع میں کٹوتی کا عملی فیصلہ کرے کیونکہ یہی ڈوبتے سرمائے کو شاید واپس لانے کا سبب بن سکے۔ ماہرین کے خیال میں اِس کٹوتی کے فیصلے کا مناسب وقت آ چکا ہے اور تاخیر سے ناقابلِ تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔ اِس کے علاوہ بڑھتی افراطِ زر بھی مالیاتی اور اقتصادی نظام کی بنیادوں میں دراڑ پیدا کرنے کی کوششوں میں ہے۔ مذہبی خیالات کے حامل افراد کا خیال ہے کہ اچھا کرنے اور دکھانے کے پس پردہ چُھپی لالچ اور طمع بھی مالیاتی بحران کی ایک وجہ ہے۔