1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عالمی کپ مقابلے، بنگلہ دیش کی پہلی کامیابی

26 فروری 2011

عالمی کپ مقابلوں کے سلسلے میں کھیلے گئے گروپ بی کے ایک میچ میں بنگلہ دیش نے آئر لینڈ کو ستائیس رنز سے شکست دے دی ہے۔ 206 کے تعاقب میں آئر لینڈ کی تمام ٹیم 178 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

https://p.dw.com/p/10PnJ
تصویر: AP

شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے گئے کم سکور والے اس میچ میں بنگلہ دیش کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں یہ جیت ان کو نصیب ہوئی۔ بنگلہ دیش کے بولر شفیع السلام نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے اکیس رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان شکیب الحسن اور محمد اشرفل نے دو دو جبکہ عبدالرزاق اور نعیم اسلام کے ہاتھ ایک ایک وکٹ آئی۔

دو سو پانچ رنز کے تعاقب میں آئر لینڈ نے آغاز میں اچھا کھیل پیش کیا۔ جب آئرش ٹیم نے 93 رنز بنائے تھے اور اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے، تو معلوم ہو رہا تھا کہ وہ یہ میچ آسانی کے ساتھ جیت جائے گی۔ لیکن اچانک ہی بنگلہ دیش کی سپن بولنگ نے آئرش بلے بازوں کے ہوش ٹھکانے لگا دیے۔ جب گیند کچھ پرانی ہوئی، تو شفیع السلام نے اپنے دوسرے سپل میں جادوئی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

Flash-Galerie Cricket Weltmeisterschaft 2011
بنگلہ دیش کے بولر شفیع السلامتصویر: AP

آئر لینڈ کی طرف سے او برائن برادران نے کچھ مزاحمت دکھائی۔ نیئل او برائن نے اڑتیس جبکہ کیون او برائن نے سینتیس رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز سنبھل کر نہ کھیل سکا اور تمام کی تمام ٹیم پنتالیس اوورز میں 178 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ اوپنر تیمیم اقبال نے ایک مرتبہ پھر چوالیس رنز کی اعلیٰ اننگز کھیلی۔ جبکہ بنگلہ دیش کے دیگر نمایاں بلے باز رقیب الحسن رہے، جنہوں نے اڑتیس رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی تمام ٹیم انچاس اعشاریہ دو اوورزمیں 205 رنز ہی بنا سکی۔

آئر لینڈ کی طرف سے کامیاب ترین بولر اے سی بوتھا رہے، جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل کے بہترین کھلاڑی شفیع السلام قرار پائے۔ اب بنگلہ دیش کی ٹیم گروپ بی میں ایک میچ میں کامیابی کے ساتھ دو پوائنٹس حاصل کرنےمیں کامیاب ہو گئی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں