1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عامر خان کا پاکستانی باکسنگ کے گھر میں شاندار استقبال

26 اگست 2015

پاکستان میں باکسنگ کا گھر کہلانے والے کراچی کے علاقے لیاری میں باکسنگ کے عالمی چیمپئن پاکستانی نژاد برطانوی عامر خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/1GLpZ
تصویر: Reuters/A. Couldridge

لیاری سے ماضی میں کئی باکسرز نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے لیکن جرائم پیشہ افراد نے ماہی گیروں کی اس بستی کے تشخص کو اس بری طرح مسخ کیا کہ نہ صرف کراچی بلکہ پاکستان بھر کے لوگوں کے لیے لیاری خوف و دہشت کی علامت بنا رہا۔ لیاری کو گینگ وار، منشیات فروشی، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کا گڑھ قرار دیا جاتا تھا۔ لیکن قیام امن کے لیے جاری آپریشن کے باعث شہر کے دیگر حصوں کی طرح لیاری کی صورت حال میں بھی کافی بہتری آئی ہے۔

عالمی باکسر عامر خان جب لیاری پہنچے تو علاقے کے مکین خوشی سے جھوم اٹھے۔ اس موقع پر روایتی لیوا رقص کیا گیا، عامر خاں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی گئی۔ عامر خان کی آمد پر باکسنگ کے نمائشی مقابلے بھی منعقد کیے گئے جبکہ باکسنگ کے شوقین بچوں نے عامر خان سے ٹپس بھی لیں اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

عامر خان اپنی اہلیہ فریال کے ساتھ دو روز قبل کراچی پہنچے تھے۔ عامر خان نے کراچی میں باکسنگ اکیڈی کے قیام کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ کا بے انتہا ٹیلنٹ موجود ہے۔ معروف تاجر اور سرمایہ کار عقیل کریم ڈھیڈی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران عامر خان کا کہنا تھا کہ مناسب سہولیات کی فراہمی سے پاکستانی باکسرز عالمی سطح پر فتوحات کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مخلتف شہروں میں باکسنگ اکیڈمیاں قائم کر کے وہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا چاھتے ہیں۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے وہ غیر ملکی کوچز کو بھی پاکستان بلائیں گے۔

عامر خان پاکستان کے مخلتف شہروں میں باکسنگ اکیڈمیاں قائم کر کے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا چاھتے ہیں
عامر خان پاکستان کے مخلتف شہروں میں باکسنگ اکیڈمیاں قائم کر کے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنا چاھتے ہیںتصویر: AP

عامر خان نے اپنے دورے کے دوران کراچی کو ایک پرامن شہر قرار دیتے ہوئے کہ اکہ وہ وہاں آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں جبکہ وہاں کے لوگ بھی بہت محبت کرنے والے ہیں: ’’کراچی میں پہلے بھی کئی دوست تھے اور اب اور کئی دوست بن گئے ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ سال کے آخر میں دوبارہ پاکستان جائیں گے اور اپنے نام سے فاونڈیشن اور ٹرسٹ قائم کریں گے۔

باکسنگ کے عالمی چیمپئن پاکستان کے معروف ترین شاہد آفریدی کے گھر بھی گئے اور ان سے ملاقات میں انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

عامر خان سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلاٹیشن (ایس آئی یو ٹی) بھی گئے جہاں ممتاز سماجی کارکن عبدالستار ایدھی زیر علاج ہیں۔ انہوں نے عبدالستار ایدھی سے ملاقات کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔