1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عبادت کے دوران خاتون نے پاپائے روم کو گرا دیا

25 دسمبر 2009

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ بینیڈکٹ شانزدہم نے ویٹی کن سٹی میں کرسمس کی عبادت کی قیادت کی۔ تاہم سینٹ پیٹرز باسیلیکا پر مِڈنائٹ سروس کے آغاز سے کچھ ہی پہلے ایک عورت نے پاپائے روم کو دھکا دیا، جس سے وہ گر گئے۔

https://p.dw.com/p/LDDz
پاپائے روم بینیڈکٹ شانزدہمتصویر: AP

ذرائع ابلاغ کے مطابق ذہنی معذور ایک خاتون نے اس وقت سیکیورٹی رکاوٹ عبور کی، جب پوپ بینیڈکٹ عبادت کے لئے باسیلیکا میں داخل ہو رہے تھے۔ تاہم اس سے عبادت میں کوئی خلل نہیں آیا اور پاپائے روم بھی محفوظ رہے۔ اس پورے عمل میں کچھ ہی سیکنڈ لگے۔

اس خاتون نے فرانسیسی کارڈینل راجر ایچے گیرے کو بھی دھکا دیا، وہ گر گئے اور انہیں طبی معائنے کے لئے ہسپتال لے جایا گیا۔ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ویٹی کن ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ وہ خاتون پاپائے روم کو نقصان پہنچانے کا ارادہ نہیں رکھتی تھی۔

خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق بعد ازاں پوپ بینیڈکٹ نے وعظ دیا اور اس دوران ان کے چہرے پر اس واقعے کے باعث بے چینی کے کوئی آثار نہیں پائے گئے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں خود غرضی کی مذمت کرتے ہوئے کہا، 'یہی جذبہ ہمیں ہمارے مفادات اور خواہشات کا قیدی بناتا ہے، جو سچائی کی راہ میں دیوار ہے اور ہمیں ایک دوسرے سے الگ کرتا ہے۔'

ایک ارب سے زائد کیتھولک مسیحیوں کے سربراہ نے اطالوی زبان میں اپنے پیغام میں کہا ، 'ہم اپنی چھوٹی سے نجی دُنیا میں اپنے اپنے نظریات اور مفادات میں جکڑے ہوئے ہیں اور اسی سے تنازعے اور عدم مصالحت کی فضا جنم لیتی ہے۔'

Petersdom, Christmette 2009
سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں کرسمس کی عبادت کا منظرتصویر: AP

مڈنائٹ سروس کا آغاز شیڈول سے دو گھنٹے قبل ہوا۔ ویٹی کن حکام نے یہ فیصلہ بیاسی سالہ پوپ کی صحت کے تناظر میں کیا۔

قبل ازیں پاپائے روم نے اپنے اپارٹمنٹ کی کھڑکی میں امن کی علامت کے طور پر ایک شمع روشن کی۔ خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں پاپائے روم گر گئے تھے، جس کے باعث ان کے کلائی پر چوٹ آئی تھی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی