1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراقی شہر کرکوک میں دھماکہ، 72 افراد ہلاک

رپورٹ: گوہر نذیر، ادارت::ندیم گل21 جون 2009

عراقی شہر کرکوک کے جنوب میں ایک شیعہ مسجد کے باہر ٹرک بم حملے کے نتیجے میں کم از کم 72 افراد ہلاک اور تقریباً 200 زخمی ہوگئے ہیں۔ گذشتہ دو ماہ کے اندر یہ عراق میں اپنی نوعیت کا سب سے خطرناک حملہ تھا۔

https://p.dw.com/p/IVSP
کرکوک بم دھماکے کے بعد ملبے سے لاشوں کی تلاشتصویر: ap

پولیس حکام کے مطابق یہ حملہ اس وقت ہوا جب لوگ ایک مسجد سے نماز ظہر کے بعد باہر آرہے تھے۔ حکام اور عینی شاہدین کے مطابق اس حملے میں مسجد کے علاوہ اردگرد کے کئی مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

Großbritannien Irak Soldat bei Basra Tschüß
عراقی شہر بصرہ میں تعینات ایک برطانوی فوجی اہلکارتصویر: AP

ٹرک بم حملے کے بعد بچاوٴ اور راحت کاری کی ٹیمیں ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے کام میں مصروف ہیں۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جائے وقوعہ پر جنریٹر کے ذریعے بجلی اور اس کے علاوہ پانی کا انتظام بھی کیا ہوا ہے تاکہ بچاوٴ کارروائی میں مدد مل سکے۔

ذرائع نے ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ہسپتال اور پولیس ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بین الاقوامی خبر رساں اداروں کو بتایا کہ ملبے سے مزید لاشیں مل رہی ہیں۔ حکام نے پولیس کو دھماکے کے بارے میں اطلاعات فراہم کرنے سے منع کررکھا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں ملبے کے نیچے دبنے سے بھی کئی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔