1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عراق میں امریکہ کا کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں، بائیڈن

5 جولائی 2010

امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے آج پیر کے روز ایک بار پھرعراق کے متحارب سیاسی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک میں ایک نئی حکومت کے قیام کو حتمی شکل دینے کی کوشش کریں۔

https://p.dw.com/p/OB4f
جو بائیڈن ایاد علاوی سے ملاقات کرتے ہوئےتصویر: AP

امریکی نائب صدر نے، جو اپنے تین روزہ دورہء عراق کے آخری روز آج ملکی دارالحکومت بغداد میں ہیں، کہا کہ عراق میں گزشتہ عام انتخابات کو کئی مہینے ہو چکے ہیں مگر وہاں سیاسی رہنماؤں کے مابین اختلافات کے باعث نئی ملکی حکومت ابھی تک قائم نہیں ہو سکی۔

امریکی نائب صدر نے عراقی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک متحارب عراقی سیاستدان اپنے ذاتی کے بجائے قومی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت سازی کے لئے کسی اتفاق رائے تک نہیں پہنچیں گے، تب تک نہ تو عراق پرامید طریقے سے مستقبل کی طرف دیکھ سکے گا اور نہ وہ اپنے موجودہ سیاسی جمود سے باہر آ سکے گا۔

جو بائیڈن نے پیر کو بغداد میں عراقی صدر جلال طالبانی سے بھی ملاقات کی جس سے پہلے داخلی انتشار کے شکار اس ملک کے موجودہ صدر نے صحافیوں کے بتایا کہ جو بائیڈن عراق کے دوست ہیں اور ان کے ساتھ ہر موضوع پر کھل کر بات کی جائے گی۔

Irakische Proteste gegen iranische Besetzung eines Ölfeldes
جوبائیڈن کی آمد پر مختلف عراقی شہروں میں مظاہرے بھی کیے گئےتصویر: AP

آج ہی صدر طالبانی کے ساتھ ملاقات سے کچھ دیر قبل امریکی نائب صدر بائیڈن نے عراق میں شیعہ مسلمانوں کی اعلیٰ ترین تنظیم سپریم عراقی اسلامی کونسل کے رہنما اور شیعہ لیڈر عمار الحکیم کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات کے موقع پر عراق میں امریکی سفیر کرسٹوفر ہل اور اس ملک میں امریکی فوجوں کے اعلیٰ کمانڈر جنرل Ray Odierno بھی موجود تھے۔

جو بائیڈن نے اپنے موجودہ دورہء عراق کے دوسرے روز کل اتوار کو سابق وزیر اعظم ایاد علاوی کے ساتھ بھی ملاقات کی تھی۔ عراق کے اس سابق سربراہ حکومت کی قیادت میں العراقیہ نامی سیاسی بلاک کو سات مارچ کو ہونے والے عام انتخابات میں موجودہ شیعہ وزیر اعظم نوری المالکی کے سیاسی اتحاد پر معمولی سے برتری حاصل ہوئی تھی اور اسی لئے علاوی ابھی بھی یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ بغداد میں نئی حکومت قائم کرنے کا حق انہی کے سیاسی اتحاد کو دیا گیا ہے۔

عراقی رہنماؤں کے ساتھ اپنی انہی ملاقاتوں میں جو بائیڈن نے زور دے کر کہا کہ امریکہ کا عراق میں کوئی خفیہ ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اب اس جنگ کا کامیاب خاتمہ چاہتا ہے جو صدام حسین کی وجہ سے سن 2003 میں شروع ہوئی تھی۔

جو بائیڈن نے کہا: ’’میری آپ سے درخوست ہے کہ تناؤ ختم کیا جائے۔ ایک نئی عراقی حکومت کے قیام کی اس طرح مکمل حمایت کریں کہ وہ مستقبل میں اس ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائے۔اس لئے کہ اس ملک میں آئندہ العراقیہ، سٹیٹ آف لاء، عراقی نیشنل الائنس اور کردستان الائنس سمیت سبھی سیاسی جمہوری قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا اور ان میں سے ہر ایک کا کردار بہت اہم ہو گا۔‘‘

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں