1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عمران نذیر، عمران فرحت اور رانا کی ٹیم میں واپسی چاہتا ہوں: میاں داد

گوہرنذیر گیلانی21 نومبر 2008

پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل، جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستانی عوام اور ذرائع ابلاغ کی طرف سے قومی بورڈ پر بھارتی باغی کرکٹ لیگ،میں حصّہ لینے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کا شدید دباٴو ہے۔

https://p.dw.com/p/FzME
سب سے پہلے بھارتی کرکٹ بورڈ، بی سی سی آئی نے بھارتی کرکٹ لیگ میں شامل کھلاڑیوں پر پابندی عائد کردی تھی جس کے بعد دیگر کرکٹ بورڈوں نے بھی یہی طریقہ کار اپنایا۔تصویر: www.indiancricketleague.in

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل، جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستانی عوام اور ذرائع ابلاغ کی طرف سے قومی بورڈ پر بھارتی باغی کرکٹ لیگ، آئی سی ایل میں حصّہ لینے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کا شدید دباٴو ہے۔

سابق پاکستانی کپتان اور سابق کوچ، جاوید میاں داد خود بھی آئی سی ایل میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف پابندی کے حق میں نہیں ہیں۔

اس حوالے سے میاں داد نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا: ’’پی سی بی پر پاکستانی عوام اور ذرائع ابلاغ کی طرف سے زبردست دباٴو ہے کہ قومی ٹیم میں عمران نذیر، رانا نوید، عمران فرحت اور عبدالرزاق جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے۔ اگر ’ٹیلینٹ‘ ہے تو اُسے کیوں نہ استعمال کیا جائے؟ ایک کرکٹ کھلاڑی ہونے کے ناطے میں یہ چاہوں گا کہ یہ لڑکے پاکستانی سکواڈ میں شامل ہوں۔‘‘

سب سے پہلے بھارتی کرکٹ بورڈ، بی سی سی آئی نے بھارتی کرکٹ لیگ میں شامل کھلاڑیوں پر پابندی عائد کردی تھی جس کے بعد دیگر کرکٹ بورڈوں نے بھی یہی طریقہ کار اپنایا۔

میاں داد نے Daily News and Analysis، کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بی سی سی آئی کو چاہیے کہ وہ آئی سی ایل کے ساتھ ہاتھ ملائے۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کے سابق کپتان کلائیو لوئیڈ نے بھی انہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔