1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غربت کے خاتمے کے لیے فیس بُک کا کردار غیر معمولی

28 اکتوبر 2015

سوشل نیٹ ورک فیس ُبک کے چیف ایگزیکیٹو مارک زوکربرگ نے کہا ہے کہ بھارت فیس بُک پر دو بلین صارفین کو بیک وقت آن لائن لانے اور غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

https://p.dw.com/p/1Gvz5
تصویر: M. Sharma/AFP/Getty Images

نئی دہلی میں قائم بھارت کے انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں قریب 900 طلبا سے خطاب کرتے ہوئے زوکربرگ کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ تک رسائی کو وسیع تر بنانا ایک ایسے ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے جہاں ایک بلین افراد اب بھی فیس بُک پر آن لائن نہیں ہو سکتے۔ زوکربرگ نے کہا،’’ اگر آپ کا مشن دنیا کے ہر فرد کے ساتھ رابطے میں رہنا ہے تو آپ بھارتی باشندوں سے رابطہ کیے بغیر اپنا یہ ہدف پورا نہیں کر سکتے‘‘۔ سرمئی رنگ کی ٹی شرٹ اور گہری نیلی جینز میں ملبوس زوکربرگ نے اپنے بیان میں مزید کہا،’’ بھارت میں دنیا کی دوسری بڑی برادری آباد ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ جلد ہی ایک بار پھر ایک بلین صارفین ایک ہی وقت میں سوشل میڈیا نیٹ ورک فیس ُبک پر نظر آئیں‘‘۔

زوکربرگ کے مطابق انٹر نیٹ تک رسائی روزگار کے حصول اور غربت کے خاتمے میں غیر معمولی مدد کرتی ہے۔

Mark Zuckerberg / Mobile World Congress 2015
موبائل ورلڈ کانگریس 2015 ء میں زوکر برگ کی شرکتتصویر: DW/Chris Cottrell

بھارت امریکا کے بعد دن بھر میں فیس بُک کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ فیس بک کے ڈیڑھ بلین صارفین میں سے کُل بھارتی صارفین کی تعداد 130 ملین ہے۔ فیس بُک پر جبکہ چین میں پابندی عائد ہے۔

نئی دہلی کے انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں بھارتی نوجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیس ُبک کے بانی 31 سالہ زوکربرگ نے ان کی طرف سے کیے جانے والے سوالات کے جوابات دیے۔ ان میں سے چند سوالات نہایت سادہ تھے مثال کے طور پر،’’ آخر مجھے فیس ُبک پر آن لائن گیم کینڈی کرش کھیلنے کی اتنی پیشکش کیوں کی جاتی ہے؟ یا یہ سوال کہ ’’ اگر آپ کے پاس سُپر نیچرل پاور یا غیر معمولی قدرتی طاقت ہو تو آپ کس چیز کی تمنا کریں گے؟‘‘ وغیرہ۔

Sheryl Sandberg Mark Zuckerberg Facebook
سوشل نیٹ ورک فیس بُک نے دنیا بھر میں غیر معمولی شہرت حاصل کی ہےتصویر: picture-alliance/dpa

زوکر برگ نے اس موقع پر انٹر نیٹ تک مفت رسائی فراہم کرنے والے متنازعہ فیس ُبک Internet.org project کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ غریب ممالک، خاص طور سے غربت کی شکار دیہی برادریوں کے لیے نہایت اہم ہے۔ دنیا کے 24 ممالک میں یہ مفت سروس موجود ہے جس میں بھارت بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ ابھی حال ہی میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کو ایک دن میں پہلی مرتبہ ایک ارب انسانوں نے استعمال کیا تھا۔ تب فیس بک کے بانی مارک زوکر برگ نے اس پیش رفت کو ایک انتہائی اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُس روز ہر ساتواں شخص فیس بک پر لاگ اِن ہوا تھا۔ اس پیش رفت پر وہ بہت خوش تھے کیونکہ فیس بک کے صارفین کو اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے خیالات بیان کرنے کی ہر طرح کی آزادی ہے۔