1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ بحری قافلے پر حملہ، اسرائیل تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے پر راضی

14 جون 2010

اسرائیلی حکام نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ بحری قافلے پر کئے گئے خوں ریز کمانڈو ایکشن کے بارے میں حقائق جانے کے لئے ایک داخلی کمیشن قائم کر رہے ہیں۔ اس کمیشن میں دو غیر ملکی سفارت کار بھی شامل ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/NpyE
اسرائیلی وزیراعظم بنیا مین نیتن یاہوتصویر: AP

غزہ کے لئے امدادی سامان لے جانے والے ایک بحری قافلے پر اسرائیلی فوج نے حملہ کر کے اس قافلے میں شامل افراد کو گرفتار کر لیا تھا۔ اس حملے کے بعد عالمی دباؤ کے باعث اسرائیلی حکام اس واقعہ کی تحقیقات کروانے پر رضا مند ہوئے ہیں۔ اسرائیل کا موقف ہے کہ اُس کے فوجیوں نے طاقت کا استعمال اپنے دفاع کے لئے کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس نے اسرائیلی حکومت کے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یروشلم اس واقعہ کی غیر جانبدانہ تحقیقات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبس نے کہا:’’ہم اس تحقیقاتی کمیشن کے طریقہء کار یا نتائج کے بارے میں پہلے سے کوئی اندازہ قائم نہیں کریں گے، ہم کوئی نتیجہ اخذ کرنے سے قبل انتظار کریں گے کہ یہ تحقیقات کروائی جائیں اوراس کے نتائج سامنے آئیں۔‘‘

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کو عوامی سطح پر عام کیا جائے گا۔

NO FLASH Israel Palästina Palästinenser Aktivisten Gaza Bus Gefängnis Hände
غزہ بحری قافلے پر حملے کے بعد اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیاتصویر: AP

اسرائیلی وزیراعظم بنیا مین نیتن یاہو کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کمیشن کے قیام کے بارے میں حتمی منظوری پیر کو دے دی جائے گی۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کمانڈو ایکشن کے دوران اس وقت فائرنگ کی گئی تھی، جب فلسطینیوں کے حامی ترک باشندوں نے خنجروں اورمیٹل راڈز کی مدد سے ان پر حملہ کر دیا تھا۔ اس دوران کم ازکم نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ امدادی قافلے میں شامل افراد کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بغیر کسی وجہ کے فائرنگ کی تھی۔

اس تحقیقاتی کمیشن میں تین افراد شامل ہوں گے۔ اس کی سربراہی اسرائیلی سپریم کورٹ کے سابقہ جج یاکوف تِرکل کریں گے۔ اس کے علاوہ نوبیل امن انعام یافتہ آئرش ڈیوڈ ٹِرمبلے اور کینیڈا کے سابقہ فوجی پراسیکیوٹر کین واٹکن بھی اس کمیشن کا حصہ ہوں گے۔ یہ دونوں غیر ملکی ماہرین صرف مبصر کے طور پر اس کمیشن کا حصہ ہوں گے اور یاکوف تِرکل کے کام میں مداخلت نہیں کر سکیں گے۔

دریں اثناء اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ وہ غزہ میں امدادی سامان کی آڑ میں اسلحہ کی اسمگلنگ روکنے کے لئے عالمی برادری سے اپنے مذاکرات جاری رکھیں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں