1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ جنگ کے بعد اسرائیل اور حماس کا پہلا براہ راست تصادم

کشور مصطفیٰ5 مئی 2016

اسرائیلی فورسز اور حماس کے جنگجوؤں کے مابین دو ہزار چودہ کی تباہ کُن جنگ کے بعد جمعرات کو پہلی بار براہ راست جھڑپیں ہوئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Iiow
تصویر: picture-alliance/AA/M. Hassona

اسرائیلی فوج کے مطابق اُس نے حماس عسکریت پسندوں کے زیر استعمال ایک نئی سُرنگ دریافت کر لی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان پیٹر لرنر نے کا کہنا ہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حماس کی طرف سے اسرائیلی ڈیفنس فورسز IDF پر کم از کم چھ حملے کیے گئے۔

آج جمعرات کی صبح غزہ میں حماس کے چار مراکز پر فضائی حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ حملے اس فلسطینی علاقے کے سرحدی مقامات سے اسرائیل کے خلاف مسلسل جاری حملوں کے جواب میں حماس کے مراکز پر کیے گئے۔

اسرائیلی فوجی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کی دوپہر رفح سے مشرق کی طرف جنوبی غزہ پٹی میں اسرائیلی دفاعی فورسز اور فلسطینی جنگجوؤں کے مابین تصادم جاری رہا۔

Palästinenser im Tunnel im Gaza-Streifen Kämpfer der Al-Kassam-Brigaden
اسرائیلی فوج کی طرف سے حماس عسکریت پسندوں کے زیر استعمال ایک نئی سُرنگ کی دریافت کر نے کا دعویٰتصویر: Reuters/M. Salem

اُدھر اسرائیلی فوج نے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں کہا کہ اُس نے فلسطینی علاقوں سے برسائے جانے والے مارٹر گولوں کا جواب ٹینک سے گولے داغتے ہوئے دیا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان پیٹر لرنر نے خود اپنے بیان میں کہا کہ 2014ء کی غزہ جنگ کے خاتمے کے بعد حماس جنگجوؤں کے ساتھ اُس کا یہ پہلا براہ راست تصادم ہے۔ اس تازہ کشیدگی کے بعد اُس فائر بندی کے حوالے سے خدشات زور پکڑ گئے ہیں، جو 2014ء کے موسمِ گرما میں غزہ میں لڑائی کے آخری دور کے بعد سے چلی آ رہی ہے۔ پچاس ایام پر محیط اُس جنگ میں بائیس سو سے زائد فلسطینی اور 73 اسرائیلی ہلاک ہوئے تھے۔

حماس کے مسلح دھڑے القاسم بریگیڈ نے اسرائیلی فورسز پر غزہ کے علاقے میں دخل اندازی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کاروائیوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ القاسم بریگیڈ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز کو کسی صورت جارحیت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Gazastreifen Schmuggler Tunnel nach Ägypten
یہ سرنگ 30 میٹر گہری ہےتصویر: picture-alliance/dpa/S. Järkel

غزہ کے میڈیکل اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق بُدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اسرائیل کی طرف سے چار فضائی حملے کیے گئے جس میں تین بچوں سمیت چار افراد زخمی ہوئے جب کہ اسرائیل کی طرف ان حملوں میں زخمی ہونے والوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق ایک دھاتی ورکشاپ پر کیے گئے حملے میں تین فلسطینی بچے اور ایک پینسٹھ سالہ بزرگ کو معمولی زخم آئے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسلامی جہاد نامی گروپ کی ایک چوکی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان پیٹر لرنر نے یہ نہیں بتایا کہ اُس نے حماس عسکریت پسندوں کے زیر استعمال جو نئی سرحد پار سُرنگ دریافت کی ہے وہ اسرائیلی سرحدوں میں کتنی دور تک جاتی ہے تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ یہ سرنگ قریب 30 میٹر گہری ہے۔ اسرائیلی فورسز اس سُرنگ کی دریافت کو اپنی ایک اہم تکنیکی پیش قدمی قرار دے رہی ہیں۔