1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غلام علی کو نئی دہلی میں کنسرٹ کی دعوت

غلام علی8 اکتوبر 2015

ممبئی میں کٹر قوم پرست جماعت شیو سینا کے احتجاج کے تناظر میں غلام علی کے کنسرٹ کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اب دہلی حکومت نے انہیں دارالحکومت میں کنسرٹ کی دعوت دی ہے۔

https://p.dw.com/p/1GkLf
تصویر: Strdel/AFP/GettyImages

نئی دہلی میں قائم اروند کیجریوال کی حکومت نے معروف پاکستانی گلوکار غلا علی کو ملکی دارالحکومت میں کنسرٹ کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اِس پیشکش میں کہا گیا کہ موسیقی جغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہے اور اِسے احتجاج کے ذریعے پابند نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت کے مالیاتی مرکز ممبئی میں غزل گائیکی کے نامور پاکستانی گلوکار کے پلان شدہ کنسرٹ کے خلاف شیو سینا نے احتجاج شروع کر رکھا تھا اور مزید کسی خطرے کے تناظر میں اِس کنسرٹ کو منتظمین نے منسوخ کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق نئی دہلی حکومت کے وزیر ثقافت کپل مشرا نے اپنے بیان میں کہا کہ غلام علی کا وہ نئی دہلی میں خیر مقدم کرتے ہیں اور توقع کی جاتی ہے کہ وہ اِس شہر میں میوزیکل کنسرٹ میں اپنی پرفارمنس کے لیے تیار ہوں گے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ ممبئی میں غلام علی کو فن کا مظاہرہ نہ کرنے پر وہ رنجیدہ ہیں اور وہ اب غلام علی کو نئی دہلی میں کنسرٹ کی دعوت دیتے ہیں۔ مشرا نے بھی کہا کہ غلام علی کے کنسرٹ کو منسوخ کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ موسیقی عام جغرافیائی سرحدوں میں مقید نہیں کی جا سکتی۔

Der indische Sänger Jagjit Singh Flash-Galerie
ممبئی میں جگجیت سنگھ کی یاد میں ہونے والے کنسرٹ میں غلام علی شریک ہونے والے تھےتصویر: AP

شیو سینا کے احتجاج اور ممکنہ حملے کی دھمکی کے تناظر میں کنسرٹ کی انتظامیہ نے کل بدھ کے روز غلام علی کے کنسرٹ کو منسوخ کر دیا تھا۔ شیو سینا نے دورانِ کنسرٹ حملہ کر کے اِسے درہم برہم کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ قوم پرست جماعت نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان کے کسی فنکار کو ممبئی میں کنسرٹ کرنے کی اجازت اُس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک یہ ملک سرحد پار دہشت گردی کے فروغ کے اقدامات کو ترک نہیں کر دیتا۔ منتظمین نے شیو سینا کے لیڈر ادو ٹھاکرے سے ملاقات میں انہیں کنسرٹ کے ماحول کو خراب نہ کرنے پر قائل کرنے میں ناکامی کے بعد کنسرٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارت کی مغربی ریاست مہارشٹر کے وزیراعلیٰ دیوندرفدناویس نے بھی شیو سینا کو کنسرٹ منسوخ کرنے پر سرزنش کی تھی لیکن اِس کا بھی کوئی اثر نہیں ہوا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ کنسرٹ کے موقع پر پاکستانی گلوکار غلام علی کو انتہائی حفاظت میں رکھنے کے لیے خصوصی سکیورٹی دستے تعینات کیے جائیں گے۔ ممبئی میں کنسرٹ بھارتی غزل نواز جگجیت سنگھ کی یاد میں منعقد کیا جا رہا تھا۔ غلام علی کے مطابق ممبئی کے حالات کنسرٹ کے لیے سازگار نہیں رہے۔ اُن کے مطابق وہ اپنے پرستاروں کے سامنے اپنے فن کے مظاہرے کے لیے ہر وقت حاضر ہیں۔