1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غیر فعال تمباکو نوشی بہرے پن کا سبب

29 نومبر 2010

ایسے افراد کو، جو خود تمباکو نوشی نہیں کرتے لیکن دوسروں کے سگریٹ کے دھوئیں سے متاثر ہوتے رہتے ہیں، غیر فعال تمباکو نوش کہا جاتا ہے۔ ان کے اندر قوت سماعت سے محروم ہونے کے امکانات بہت زیادہ پائے جاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/QLPm
تصویر: picture-alliance/ZB

ماہرین نے پہلے سے ہی اس بارے میں انتباہ کر رکھا تھا کہ تمباکو نوشوں کے ہاں بہرہ پن جنم لینے کے خطرات کافی زیادہ ہوتے ہیں تاہم Passive Smokers یا خود تمباکو نوشی نہ کرنے لیکن سگریٹ پینے والوں کے نزدیک رہنے والوں کے اندر سماعت سے متعلق کس قسم کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اس بارے میں یہ رپورٹ پہلی بار سامنے آئی ہے۔ جرنل آف ٹوبیکو کنٹرول میں شائع ہونے والی یہ رپورٹ دراصل تین ہزار امریکی بالغ باشندوں پر کی جانے والی ایک ریسرچ کے بعد سامنے آئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تمباکو کا دھواں دوران خون میں انتشار پھیلاتے ہوئے کانوں کے اندر خون کی باریک اور چھوٹی چھوٹی شریانوں میں داخل ہو جاتا ہے۔ اس سے کانوں میں آکسیجن ٹھیک طرح سے نہیں پہنچ پاتی۔

Rauchen an hessischen Schulen verboten
تصویر: dpa

محققین کے مطابق سگریٹ کا دھواں بڑھتی ہوئی عُمر اور غیر معمولی شور سے بھی کہیں زیادہ انسانوں کی قوت سماعت کو نقصان پہنچاتا ہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا اور میامی کی انٹرنیشنل یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے ریسرچرز نے 3,307 رضاکاروں کی قوت سماعت کے طبی معائنوں کے نتائج پر روشنی ڈالی ہے۔ ان میں ایسے افراد بھی شامل تھے، جنہوں نے زندگی میں کبھی بھی تمباکو نوشی نہیں کی اور ایسے بھی، جو ماضی میں سگریٹ پیتے تھے تاہم اب اس بُری عادت کو چھوڑ چُکے ہیں۔ ان لوگوں کو بہت ہلکی، متوسط اور بہت تیز فریکوئنسی والی آوازیں سنائی گئیں۔

پیسیو اسموکرز یا تمباکو نوشوں کے دھوئیں سے مسلسل متاثر ہونے والے افراد کا بلڈ ٹیسٹ بھی کیا گیا۔ اس سے پتہ چلا کہ تمباکو کے دھوئیں کا بالواسطہ نشانہ بننے والوں کی قوت سماعت کہیں زیادہ کمزور ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ اگر پس منظر میں کوئی شور آ رہا ہو اور ساتھ ہی کوئی بات چیت جاری ہو، تو ایسے افراد کو کچھ بھی سنائی نہیں دیتا۔

ڈاکٹر ڈیوڈ فاربی، جن کے زیر نگرانی یہ نئی تحقیق کی گئی، کہتے ہیں، ’میرے لئے یہ کہنا آسان نہیں ہے کہ کس مقدار میں دھواں انسانوں کو نقصانات پہنچاتا ہے۔ اس لئے اس سے بچنا ہی سب سے اچھی ترکیب ہے۔ بیشک یہ نقصات سست رفتار ہی کیوں نہ ہو‘۔

12.9. poldi rauchen 2
تصویر: DW-TV

Royal national Institut for deaf people کے بائیو میڈیکل ریسرچ سینٹر سے منسلک ڈاکٹر رالف ہولم کے بقول ’یہ تو ہمیں پہلے ہی پتہ تھا کہ باقاعدہ اور مسلسل تمباکو نوشی بہرے پن یا قوت سماعت سے محروم ہونے کے خطرات کو بہت زیادہ بڑھا دیتی ہے تاہم اب اس نئی ریسرچ سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ یہ خطرہ پیسیو اسموکنگ کی صورت میں بھی موجود ہوتا ہے‘۔

قوت سماعت سے محرومی انسانوں کو معاشرے میں بالکل الگ تھلک کر دیتی ہے، جس کا احساس لوگوں کو فوری طور پر نہیں بلکہ بتدریج ہوتا ہے۔ ایک نئے سگریٹ کو سلگانے سے پہلے یہ سوچ لیا کیجئے کہ یہ آپ کی اور آپ کے ارد گرد موجود انسانوں کی سماعت کی قوت کو کس حد تک نقصان پہنچا سکتا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں