1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون میں آسٹریلوی ڈرائیور کی کامیابی

رپورٹ:مقبول ملک، ادارت:ندیم گل13 جولائی 2009

فارمولا ون موٹر ریسنگ کی امسالہ عالمی چیمپئین شپ کی اتوار کی سہ پہر جرمنی میں ہونے والی ایک ریس، جرمن گراں پری آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر نے جیت لی۔

https://p.dw.com/p/Im8V
مارک ویبر اپنے جرمن ساتھی سیباستیان فیٹل کے ساتھتصویر: AP

جرمنی میں فارمولا ون سرکٹ Nuerburgring پر ہونے والی اس ریس میں اپنی کامیابی کے ساتھ مارک ویبر 1981 کے بعد سے فارمولا ون کا کوئی گراں پری مقابلہ جیتنے والے پہلے آسٹریلوی ڈرائیور بن گئے ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے لئے یہ اعزاز ایلن جانز نے حاصل کیا تھا۔

1976 میں نیو ساؤتھ ویلز میں پیدا ہونے والے مارک ویبر کے والد موٹر سائیکلوں کی تجارت کرتے تھے۔ مارک ویبر ان دنوں ریڈبُل ٹیم کی گاڑی چلاتے ہیں جو ماضی میں جیگوار ٹیم کہلاتی تھی۔ جرمن گراں پری میں پہلی پوزیشن اس آسٹریلوی ڈرائیور کے فارمولا ون کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

اس سے قبل جیگوار ٹیم کی گاڑی چلاتے ہوئے فارمولا ون میں اس ڈرائیور کی زندگی کا سب سے بہترین رزلٹ 2005 میں مونٹی کارکو کے شہری سرکٹ پر ہونے والے موناکو گراں پری ریس تھی جس میں ویبر نے تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

Großer Preis von Deutschland
ریس کے دوران سیباستیان فیٹل کی گاڑیتصویر: AP

گراں پری میں ریڈ بُل ٹیم ہی کے لیکن جرمنی سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور سیباستیان فیٹل دوسرے نمبر پر رہے۔ تیسری پوزیشن برازیل سے تعلق رکھنے والے فیراری ٹیم کے ڈرائیور فیلیپے ماسا نے حاصل کی۔

Nuerburgring میں فارمولا ون موٹر ریسنگ کی اتوار کی ریس ڈرائیوروں کی امسالہ ورلڈ چیمپیئن شپ کی مجموعی طور پر نویں ریس تھی جسے قریب ایک لاکھ شائقین نے دیکھا۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور فَیٹل جو دوسرے نمبر پر رہے، اب ان کے پوائنٹس بڑھ کر 47 ہو گئے ہیں۔ تاہم جَینسن بٹن موجودہ سیزن کے نو مقابلوں کے بعد بھی مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے 68 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہیں۔ بٹن اتوار کو ہونے والے مقابلے میں محض پانچویں پوزیشن حاصل کر سکے۔

مجموعی طور پر فارمولا ون کی سال رواں کی عالمی چیمپئین شپ کے دوران سترہ ریسیں ہونی ہیں اور اس سلسلے کی اگلی یعنی دسویں ریس ہنگیرین گراں پری ہو گی جو 26 جولائی کو بوڈاپیسٹ میں منعقد ہو گی۔