1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارمولا ون کا نیا عالمی چیمپیئن کون ہو گا

25 اکتوبر 2010

گراں پری فامولا ون امسالہ عالمی چیمپیئن شپ کا اعزاز کون حاصل کرے گا، یہ سوال اب سیزن کے آخری دو دوڑوں کے بعد ہی سامنے آ سکے۔

https://p.dw.com/p/PnRv
کورین گراں پری کے فاتح فیرنانڈو الانسوتصویر: AP

اتوار کو جنوبی کوریا میں منعقد ہوئی رواں سیزن کی 17 ویں فارمولا ون گراں پری میں ہسپانوی ڈرائیور فیرنانڈو الانسو نے ایک تاریخی فتح اپنے نام کر لی۔ اب امسالہ عالمی چیمپیئن شپ سیزن کی دو ریسیں باقی بچی ہیں، جو برازیل اور ابوظہبی میں ہوں گی۔

2010 کے لئے فارمولا ون کا عالمی چیمپیئن کون ہو گا، یہ سوال کچھ طول پکڑتا جا رہا ہے کیونکہ ابھی تک مقابلہ بہت سخت جا رہا ہے۔ فیراری کے ڈرائیور الانسو نے کورین گراں پری میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ریڈ بُل ٹیم کے ڈرائیور مارک ویبر پر قریب گیارہ پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی ہے۔

Flash-Galerie Formel 1 Südkorea Vettel
کورین گراں پری ریس کےدوران خراب موسم کی وجہ سے ڈرائیورز کو کافی مشکلات کا سامنا رہاتصویر: AP

جنوبی کوریا میں اتوار کو منعقد ہوئی گراں پری دوڑ میں اگرچہ فیراری کے ڈرائیور فیرنانڈو الانسو نے کامیابی حاصل کی لیکن مبصرین کے مطابق اس بات کے امکانات کم ہی ہیں کہ الانسو اس سال کے عالمی چیمپیئن بن جائیں۔ کہا جا رہا ہے کہ Yeongam کے سرکٹ پر الانسو کی جیت کسی حکمت عملی کی وجہ سے ممکن نہیں ہوئی بلکہ وہ محض خوش قسمتی تھی کیونکہ ریڈ بُل ٹیم کے دونوں ڈرائیور مارک ویبر اور سیباستیان فیٹل حادثاتی طور پر اس مقابلے سے خارج ہو گئے تھے۔

ریڈ بُل ٹیم کے پرنسپل کرسٹیان ہورنر نے کہا ہے کہ اس مرتبہ چیمپیئن شپ کا فیصلہ ابوظہبی گراں پری کےبعد ہی سامنے آ سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی اس بارے میں کوئی بھی اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ برازیل یا ابو ظہبی کی دوڑوں کے کیا نتائج سامنے آئیں گے۔

اسی طرح فیراری ٹیم کے سربراہ شٹیفانو دومینی چَیلی نے بھی ایسے تمام مفروضات کو نظر انداز کر دیا ہے، جن کے مطابق برازیلین گراں پری ریس میں اپنی ممکنہ کامیابی سے الانسو رواں سیزن کے عالمی چیمپیئن بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، 'میرا خیال نہیں کہ ایسا ہو سکتا ہے۔ مجھے بہت اچھا لگے گا، اگر ایسا ہوا۔ لیکن یہ ممکن نظر نہیں آتا۔'

کورین گراں پری کے نتائج دیکھتے ہوئے دوسری طرف میکلارین کے مارٹن وائٹ مارش نے بھی کچھ ایسے ہی خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ان کے خیال میں برازیل کا سرکٹ نہایت عمدہ ہے اور اس نے ہمیشہ ہی بہت عمدہ نتائج پیش کئے ہیں۔ ''لیکن اس مرتبہ چیمپیئن شپ کے حتمی اعزاز کے لئے ابو ظہبی گراں پری ہی فیصلہ کن ثابت ہو سکے گی۔''

sebastian Vettel formel 1
جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل کورین گراں پری میں سب سےآگے تھےتصویر: AP

ریڈ بُل کے آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر نے کورین گراں پری کے دوران ابتدائی طور پر عمدہ کارکردگی دکھائی تھی۔ تاہم ان کی کار کریش ہو گئی، جس کے نتیجے میں وہ ریس سے باہر ہوئے جبکہ اسی ریس میں جرمن ڈرائیور فیٹل کی گاڑی کا انجن بھی فیل ہو گیا اور فیراری کے الانسو کامیاب قرار پائے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں