1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فارک باغیوں کے ساتھ  امن معاہدہ ’کولمبیا میں تاریخ رقم‘

1 دسمبر 2016

کولمبیا کی حکومت اور فارک باغیوں کے مابین طے پانے والے امن معاہدے پر اب عمل درآمد ہو سکے گا۔ سینیٹ کے بعد اب پارلیمان نے بھی اس کی توثیق کر دی ہے۔ دو ماہ قبل پہلے امن معاہدے کو عوام نے ایک ریفرنڈم میں رد کر دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2TYvq
Kolumbien Friedensvertrag mit der FARC
تصویر: Getty Images/AFP/G. Legaria

کولمبیا کی پارلیمان نے فارک باغیوں کے ساتھ اس نئے امن معاہدے کو متفقہ طور پر منظور کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس معاہدے کے حق میں ایک سو تیس ووٹ پڑے جبکہ کسی بھی رکن نے اس مخالفت نہیں کی۔ اس سے قبل سینیٹ میں ہونے والی رائے شماری میں بھی اس امن معاہدے کے خلاف کوئی ووٹ  نہیں ڈالا گیا تھا۔ اس کی ایک وجہ یہ رہی کہ اس امن معاہدے کی ناقد ملک کی قدامت پسند حزب اختلاف نے اس ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔

اس معاہدے پر دستخط کے ساتھ ہی لاطینی امریکا کا سب سے پرانا یعنی پانچ دہائیوں سے زائد کے عرصے سے جاری مسلح تنازعہ باقاعدہ اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ اس معاہدے کی رو سے فارک باغیوں کو ڈیڑھ سو دنوں یعنی تقریباً پانچ ماہ کے دوران غیر مسلح ہونا ہو گا اور اس کے بعد وہ ایک سیاسی جماعت بنائیں گے۔ فارک کی جانب سے پھینکے جانے والے ہتھیاروں کو پگھلا کر تین جنگی یادگاریں تعمیر کی جائیں گی۔

Kolumbien Friedensvertrag mit der FARC
تصویر: Imago/EFE/L. Munoz

فارک باغیوں کے بینک کھاتے بھی ممنجمد کر دیے جائیں گے اور منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم سے اس جنگ کے دوران ہلاک ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرہ افراد کو زر تلافی ادا کی جائے گی۔ اس معاہدے کی  منظوری کے بعد ایک خصوصی عدالت بھی تشکیل دی جائے گی، جو جرائم کی تحقیقات کرے گی۔ اس کے علاوہ فارک باغیوں کو ماہانہ 650 ڈالر کے قریب پینشن بھی دی جائے گی اور ملکی فوجی اہلکار ان کی نگرانی بھی کریں گے۔ فارک باغیوں کو اس بات کا بھی پابندی بنایا گیا ہے کہ وہ منشیات سے ہونے والی اپنی آمدنی کی تمام تفصیلات عام کریں گے۔

کولمبیا کے صدر خوآن مانوئیل سانتوس نے اس پیش رفت کو ایک سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے رائے شماری سے قبل ارکان کانگریس سے اس معاہدے کی توثیق کرنے کی درخواست کی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ فوج اور بائیں بازو کی اس جنگجو تنظیم کے مابین یہ معاہدہ انتہائی اہم ہے۔ انتیس اگست کو یہ معاہدہ طے پایا تھا اور اس کے بعد رونما ہونے والے واقعات میں دو فارک باغی اور چند مقامی سرگرم افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔