1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی خاتون اوّل کی نئی ویب سائٹ

6 اکتوبر 2009

فرانس کی خاتون اوّل کارلا برونی سارکوزی نے ایک ویب سائٹ لانچ کر دی ہے، جس میں ان کی فلاحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صدارتی محل میں ان کی زندگی کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

https://p.dw.com/p/Jyf3
تصویر: dpa/picture-alliance
Französische Webseite "lexpress.fr": Sängerin Carla Bruni mit Nicolas Sarkozy liiert
شادی سے پہلے وہ ایک کامیاب پاپ اسٹار رہیںتصویر: picture-alliance/dpa

تاہم اس ویب سائٹ پر پیر کو پہلے ہی روز اتنے کلک پڑے کہ وہ کچھ دیر کے لئے بند ہو گئی۔ سابق سپر ماڈل کارلا برونی کی نئی ویب سائٹ پر اس کے افتتاح کے کچھ ہی دیر بعد جانے والے ان کے مداحوں کو یہ پیغام ملا، 'کچھ گھنٹوں میں دوبارہ کوشش کریں۔'

اس ویب سائٹ کا پہلا صفحہ بعض فرانسیسی نیوز ویب سائٹس پر دکھایا گیا تھا۔ اس کا مقصد برونی کے فلاحی کاموں کی تشہیر ہے۔ ساتھ ہی دُنیا کو فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کے ساتھ خاتون اوّل کی حیثیت سے ان کی زندگی کی ایک جھلک دکھانا بھی اس کا ایک مقصد ہے۔

کارلا برونی کی یہ پہلی ویب سائٹ نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی ان کی ایک ویب سائٹ ہے، جس پر موسیقی سے متعلق ان کے کیریئر کی معلومات دی گئی ہیں۔

ان کی نئی ویب سائٹ تین موضوعات پر مشتمل ہے: فرانس میں پسماندہ طبقے کی مدد کے لئے ان کی فاؤنڈیشن، ایڈز، تپ دق اور ملیریا کے خلاف کوششوں کے لئے قائم عالمی فنڈ کے لئے بحثیت سفیر ان کا کام، اور فرانس کی خاتون اوّل۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ان کے شوہر سارکوزی بھی انیٹرنیٹ کمیونیکیشن کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک پر ان کا اکاؤنٹ موجود ہے جبکہ ابھی کچھ ہی دن پہلے انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ ڈنمارک میں منعقد کی جانے والی آئندہ ماحولیاتی کانفرنس کے بارے میں اپنی مصروفیات کی لمحہ بہ لمحہ خبر سوشل نیٹ ورکنک کی ایک اور ویب سائٹ ٹوئٹر پر دیتے رہیں گے۔

Bildgalerie Jahresrückblick 2008 Februar Frankreich
فرانسیسی صدر کے ساتھ ان کے رومانس کے بھی چرچے رہےتصویر: AP

برونی فروری 2008ء میں صدر سارکوزی سے شادی سے پہلے ایک کامیاب پاپ اسٹار رہی ہیں۔ تاہم اس شادی سے پہلے سارکوزی نے عہدہ صدارت سنبھالنے کے پانچ ماہ بعد ہی اپنی دوسری بیوی سسیلیا کو اکتوبر 2007ء میں طلاق دی تھی۔ اس کے بعد برونی کے ساتھ ان کے رومانس کے چرچے بھی رہے، اور تب صدارتی محل میں ایک مختصر سی تقریب میں وہ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔

سارکوزی پہلے فرانسیسی صدر ہیں، جنہوں نے اپنے عہد صدارت میں طلاق دی جبکہ گزشتہ سات دہائیوں میں وہ پہلے صدر ہیں جنہوں نے دورِ صدارت کے دوران شادی کی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین