1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانسیسی سینیٹ کے انتخابات: سوشلسٹ پارٹی کامیاب

26 ستمبر 2011

یورپ کے اہم ملک فرانس میں سینیٹ کے انتخابات میں صدر نکولا سارکوزی کی سیاسی جماعت کو شکست کا سامنا ہے۔ ان کی مخالف سوشلسٹ پارٹی مطلوبہ نتائج کے مطابق سینیٹ کی اکثریتی جماعت بن گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/12gSH
فرانسوا اولاںتصویر: AP

اتوار کے روز ہونے والے سینیٹ کے انتخابات کے نتائج کا اعلان پیر کی صبح کیا گیا اور اس کے مطابق سوشلسٹ پارٹی نے سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ ایوان بالا میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کم از کم 175 نشستیں درکار ہوتی ہیں جب کہ سوشلسٹ پارٹی 177 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ بائیں بازو کی سوشلسٹ پارٹی نے اپنی اس وکٹری کو اگلے صدارتی الیکشن میں ممکنہ کامیابی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

Senatswahlen Frankreich ARCHIV
فرانسیسی سینیٹ کا اندرونی منظرتصویر: AP

سوشلسٹ پارٹی کے لیڈر فرانسوا اولاں نے اپنی جماعت کی کامیابی پر کہا کہ سن 2012 کے صدارتی الیکشن کا یہ ایک نمونہ ہے اور سارکوزی اب تاریخ کا حصہ بننے والے ہیں۔ سوشلسٹ پارٹی کے رہنما اولاں اس وقت سوشلسٹ پارٹی کی جانب سے صدارتی الیکشن کے لیے نامزدگی حاصل کرنے والے ممکنہ امیدواروں میں سرفہرست ہیں۔ فرانس میں صدارتی الیکشن اگلے سال ہوں گے۔

فرانسیسی وزیر اعظم فرانسوا فیوں نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے سوشلسٹ پارٹی کی سبقت کو تسلیم کیا ہے۔ فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کی یو ایم پی پارٹی کے صدر  Jean-Francois Cope نے بھی شکست تسلیم کی ہے۔ مدت پوری کرنے والے سینیٹ کے اسپیکر Gerard Larcher کا وہ اندازہ بھی غلط رہا جس میں انہوں نے چھ سے بارہ نشستیں زائد حاصل کرنے کے امکان کو ظاہر کیا تھا۔ نئے سینیٹ کا افتتاحی اجلاس پہلی اکتوبر کو شیڈیول ہے۔ سن 1958 کے بعد پہلی بار سوشلسٹ پارٹی نے فرانسیسی ایوان بالا میں اکثریت حاصل کی ہے۔

Senatswahlen Frankreich Nicolas Sarkozy ARCHIV
نکولا سارکوزیتصویر: picture-alliance/dpa

مبصرین نے سینیٹ کے الیکشن کو فرانسیسی سیاسی منظر پر ایک بھونچال سے تعبیر کیا ہے۔ ایسے اندازے بھی لگائے جا رہے ہیں کہ اگلے سال سوشلسٹ پارٹی صدارتی اور پارلیمانی الیکشن جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ تقریباً سات ماہ بعد ہونے والے پارلیمانی اور صدارتی انتخابات میں بائیں بازو کی جانب سے نامزدگی حاصل کرنے والے صدارتی امیدوار کتنی کرشماتی شخصیت ہیں اور ان کے لیے کس درجہ عوامی پسندیدگی ہو گی۔

فرانس میں سینیٹ کے انتخابات میں پارلیمانی الیکشن کی طرح عوام ووٹ نہیں ڈالتے بلکہ اس کے لیے پہلے سے منتخب افراد کا سپر الیکٹوریٹ ووٹ ڈالنے کا پابند ہوتا ہے۔ اس میں مختلف چھوٹے بڑے شہروں کے میئرز کے علاوہ لوکل کونسلوں کے اراکین ووٹ ڈالتے ہیں۔ ایسے سپر الیکٹوریٹ کی تعداد بہتر ہزار کے قریب ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں