1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

+++ فرانسیسی صدارتی انتخابات - لائیو اپ ڈیٹس +++

عاطف بلوچ | شمشیر حیدر
7 مئی 2017

فرانسیسی صدارتی انتخابات کے سلسلے میں دوسرے مرحلے کے ابتدائی جائزوں کے مطابق اس الیکشن میں آزاد امیدوار ایمانوئل ماکروں نے دائیں بازو کی سیاستدان مارین لے پین کو شکست دے دی ہے۔ ان انتخابات کی تازہ ترین اپ ڈیٹس:

https://p.dw.com/p/2cZ0R
Frankreich Präsidentschaftswahl in Marseille
تصویر: picture-alliance/AP Photo/C. Paris

تمام معلومات عالمی وقت کے مطابق درج کی جا رہی ہیں

18:16 صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج سامنے آنے کے بعد مارین لے پین نے شکست تسلیم کر لی ہے۔ اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ماکروں کو ٹیلی فون کر کے صدارتی انتخابات جیتنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

18:04 ابتدائی ایگزٹ پولز کے مطابق ماکروں کو لے پین پر سبقت حاصل ہے۔ تازہ ترین ابتدائی پروجیکشنز کے مطابق ماکروں کو 65 فیصد جب کہ لے پین کو چونتیس فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔

17:01 اے ایف پی کے مطابق فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ  پیر کے روز جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے برلن میں ملاقات کر رہے ہیں۔ اولانڈ فرانسیسی انتخابات سے قبل ہی اعلان کر چکے تھے کہ وہ انتخابات نہیں لڑیں گے جب کہ ان کی سیاسی جماعت سوشلسٹ پارٹی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پہنچنے میں بھی ناکام رہی تھی۔

15:26 پیرس کے دفتر استغاثہ کے قریبی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ صدارتی امیدوار ماکروں کی مہم کی ای میل ہیک ہونے کی باقاعدہ تحقات شروع کر دی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ فرانسیسی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے کچھ دن قبل ماکروں کی مہم کا ڈیٹا لیک کر دیا گیا تھا۔

15:18 فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق شام پانچ بجے تک دوسرے مرحلے میں ٹرن آؤٹ تقریباﹰ 65 فیصد رہا ہے، جو کہ گزشتہ دو مرتبہ کے دوسرے انتخابی مراحل سے کم ہے۔ اگر ٹرن آؤٹ باقی مانندہ وقت میں بھی اتنا ہی رہا تو سن 1969 کے بعد ایسا پہلی مرتبہ ہو گا کہ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا ٹرن آؤٹ پہلے مرحلے سے کم رہے گا۔

14:43 بیلجیم کے نشریاتی ادارے RTBF نے ابتدائی ایگزٹ پولز جاری کیے ہیں جن کے مطابق ماکروں ساٹھ فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر کے جیت رہے ہیں۔ فرانس میں پولنگ کے اختتام سے قبل ایگزٹ پول جاری کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ تاہم بیلجیم کے نشریاتی ادارے نے یہ وضاحت نہیں کی کہ ان کے اعداد و شمار کس بنیاد پر تیار کیے گئے ہیں۔ فرانس میں مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے (عالمی وقت کے مطابق پانج بجے شام) پولنگ ختم ہو گی تاہم پیرس سمیت بڑے شہروں میں پولنگ شام آٹھ بجے تک جاری رہے گی۔

13:35 سکیورٹی حکام نے لوور میوزیم کے باہر پارک کی تلاشی لینے کے بعد اسے دوبارہ کھول دیا ہے۔ فرانس بھر میں انتخابات کے دوران سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پچاس ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

12:50 پیرس کے لوور میوزیم کے پارک میں مشتبہ بیگ کی نشاندہی ہونے کے بعد وہاں موجود تین سو سے زائد صحافیوں کو باہر نکال دیا گیا۔ لوور میوزیم کے باہر بھاری سکیورٹی تعینات ہے۔ اس پارک میں رواں برس جنوری میں ایک شخص نے وہاں موجود سکیورٹی اہلکار پر خنجر سے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔

فرانسیسی صدارتی الیکشن میں اہم امیدوار کون کون

فرانسیسی الیکشن، پہلے مرحلے کے فاتح ماکروں اور لے پین

فرانس: ’ماکروں، لے پین سے زیادہ متاثر کن ہیں‘

12:20 صدارتی امیدوار ماکروں کی کمپین کا کہنا ہے کہ پیرس کے لوور میوزیم کے باہر پارک کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر خالی کرا لیا گیا ہے۔ ماکروں نے جیت کے بعد آج رات اسی پارک میں جشن منانے کے انتظامات کر رکھے ہیں۔

10:10 فرانسیسی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ سن دو ہزار دو کے انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ کم ترین ٹرن آؤٹ نوٹ کیا گیا ہے۔ دوپہر تک صرف اٹھائیس اعشاریہ دو فیصد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استمعال کیا۔ سن دو ہزار بارہ کے انتخابات میں اسی دورانیے میں ووٹ ڈالنے کی شرح 30.7 رہی تھی جبکہ سن دو ہزار سات میں یہ شرح 34.1 فیصد تھی۔

9:30 نیشنل فرنٹ کی رہنما مارین لے پین جب اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اپنے حلقے میں گئیں تو وہاں فیمنسٹ موومنٹ Femen کی حامی مظاہرہ کرنے والی کچھ خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔ نیم عریاں یہ خواتین اچانک ایک گاڑی سے باہر نکلی اور انہوں نے لے پین کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور لے پین کے ماسک پہن رکھے تھے۔