1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس اور اٹلی فائنل میں

6 جولائی 2006

جرمنی میں اپنے اختتام کی جانب بڑھتے ہوئے عالمی فٹ بال کپ کے دوران منگل کو شہر ڈورٹ مُنڈ میں منعقد ہونے والے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی کو اٹلی کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست اُٹھانا پڑی تھی۔ ایک روز بعد میونخ شہر میں دوسرا سیمی فائنل فرانس اور پرتگال کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جس میں فرانس پرتگال کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اِس ٹورنامنٹ کے قائنل میں پہنچ گیا ہے، جہاں آئندہ اتوار 9 جولائی

https://p.dw.com/p/DYNz
جرمن ٹیم کے کوچ Jürgen Klinsmann
جرمن ٹیم کے کوچ Jürgen Klinsmannتصویر: AP

کو اُس کا مقابلہ اٹلی کے ساتھ ہو گا۔

میونخ منعقدہ دوسرے سیمی فائنل میں واحد گول 33 ویں منٹ میں فرانس کے نامور کھلاڑی اور ٹیم کے کپتان زین الدین زِدانے نے کیا۔ اِس طرح اُنہوں نے پرتگال کے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ورلڈ فٹ بال کپ کے فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کر دئے۔

فرانسیسی ٹیم کے 54 سالہ کوچ Demenech نے کہا، وہ ہمیشہ 9 جولائی کے فیصلہ کن دن کا ذکر کرتے رہے ہیں لیکن بات صرف وہاں تک پہنچنے کی نہیں بلکہ تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ورلڈ کپ حاصل کرنے کی ہے۔

اِدھر جرمنی کی نظریں اب آئندہ ہفتے کے روز شہر شٹٹ گارٹ میں کھیلے جانے والے اُس میچ پر لگی ہوئی ہیں، جس میں وہ تیسری پوزیشن کے لئے پرتگال کے خلاف کھیلے گی۔

دریں اثناء جرمن عوام کو تشویش اِس بات پر ہے کہ کہیں جرمن ٹیم کے فائنل میں نہ پہنچنے کے پیشِ نظر ٹیم کے کوچ Klinsmann اپنے عہدے سے مستعفی ہی نہ ہو جائیں۔ جرمن رائے عامہ، ذرائع ابلاغ اور ممتاز جرمن شخصیات نے Klinsmann کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اُن سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا عہدہ نہ چھوڑیں، بدستور اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں کیونکہ جرمن ٹیم اور جرمنی کو اُن کی ضرورت ہے۔

ایک سروے میں شریک 93 فیصد جرمن باشندوں نے کہا کہ Klinsmann کو ہی آئندہ بھی جرمن ٹیم کا کوچ رہنا چاہیے۔ 95 فیصد نے برملا کہا کہ اُنہیں ورلڈ کپ میں جرمن ٹیم کی اب تک کی کارکردگی پر فخر ہے۔