1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس اور کویت کے درمیان دفاعی معاہدہ

22 اکتوبر 2009

فرانس اور کویت نے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت فرانس کویت کے ساتھ دفاعی شعبے میں تجارت کا آغاز کرے گا۔

https://p.dw.com/p/KCUw
تصویر: AP

پیرس میں بدھ کے روز معاہدے پر دستخط کے بعد کویت کے وزیر دفاع شیخ جابر مبارک الاحمد الصباح نے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک تعاون کے لئے فضا سازگار ہوگی۔ الصباح نے مزید کہا کہ کویتی اور فرانسیسی مسلح افواج میں تعاون کے لئے سن 1992 میں طے پانے والے معاہدے کو بھی نئے معاہدے سے تقویت ملے گی۔

پیرس میں اس معاہدے کی تقریب دستخط کے موقع پر فرانسیسی وزیردفاع ہیرو موریں کا کہنا تھا:’’ فرانس خطے میں واپس جا رہا ہے۔ موجودہ عالمی صورتحال میں خلیج فارس کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے۔‘‘

فرانسیسی وزیردفاع نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کے باعث پورے خلیج فارس میں عدم استحکام کی صورتحال ہے اورکویت کو ایرانی جوہری پروگرام پر شدید بے چینی ہے۔

گزشتہ کچھ عرصے میں پیرس نے خلیجی ممالک سے اپنے تعلقات میں کافی قربت پیدا کی ہے۔ رواں برس مئی میں فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے متحدہ عرب امارات میں فرانس کے ایک مستقل فوجی اڈے کا افتتاح کیا تھا۔

فرانسیسی وزیردفاع نے کہا کہ اس فوجی اڈے سے ظاہر ہوتا ہے کہ فرانس خطے میں امن اور استححکام کے لئے پوری طرح مستعد ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : گوہرنذیر