1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرانس کی طرح جرمنی کی سڑکوں پر بھی فوج کے پہرے؟

امجد علی11 اگست 2016

آج جرمن وزیر داخلہ تھوماس ڈے میزیئر ملک کے اندر بھی فوج کو سرگرمِ عمل کرنے سمیت دہشت گردی کے خلاف مختلف اقدامات متعارف کروانے والے ہیں۔ ملک میں کھلے عام فوج کی گشت کی تجویز پر جرمنی میں ایک زبردست بحث شروع ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JfnB
Deutschland Soldaten des Logistikbataillons 171
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Wolf

فرانس میں مسلسل ہولناک دہشت گردانہ حملوں کے بعد وہاں کی سڑکوں پر مسلح فوجیوں کی موجودگی اب ایک معمول کی بات ہو چکی ہے تاہم اگر جرمنی کی سڑکوں پر فوجی گشت کا فیصلہ ہوتا ہے تو دوسری عالمی جنگ کے بعد ایسا پہلی مرتبہ دیکھنے میں آئے گا۔

جب جولائی میں میونخ میں ایک اٹھارہ سالہ نوجوان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کی تو جرمنی کی خاتون وزیر دفاع اُرزولا فان ڈیئر لاین نے ملکی افواج کو بھی چوکس رہنے کا حکم دے دیا تھا تاہم اس سے پہلے کہ یہ فوجی سڑکوں پر نکلتے، نو افراد کو موت کے گھاٹ اُتارنے والے حملہ آور نے خود کُشی کر لی تھی۔ جرمن وزیر دفاع کے احکامات پر البتہ کئی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔

اس کے بعد پے در پے مزید دہشت گردانہ حملوں کے بعد جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جو نو نکاتی منصوبہ پیش کیا، اُس میں بڑے دہشت گردانہ حملوں کی صورت میں فوج بلانے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ اس کے فوراً بعد ہی خاتون وزیر دفاع نے اس امر کی تصدیق کر دی کہ فوج اور پولیس کے سپاہی مشترکہ مشقوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

ملک کے اندر فوج کو سرگرمِ عمل کرنے کی تجویز ایک شدید جذباتی بحث مباحثے کا باعث بنی ہے کیونکہ دوسری عالمی جنگ کے بعد کے جرمن آئین میں ملک کے اندر اور باہر کام کرنے والی سکیورٹی فورسز کے مابین واضح فرق کیا گیا ہے۔ اس آئین میں کہا گیا ہے کہ استثنائی حالات مثلاً قدرتی آفات وغیرہ کو چھوڑ کر کبھی بھی جرمن فوج کو ملک کے اندر سرگرمِ عمل نہیں کیا جا سکے گا۔

جہاں مختلف قدامت پسند سیاستدان وقتاً فوقتاً اس تجویز کی حمایت کرتے رہتے ہیں، وہاں جرمن عوام کی ایک بڑی تعداد اس تجویز کی مخالفت کر رہی ہے۔ جرمن ہفت روزہ جریدے ’دی سائٹ‘ کے ایک سروے میں چھیاسٹھ فیصد جرمن باشندوں نے کہا کہ ملک کے اندر فوجیوں کی تعیناتی کوئی اچھی بات نہیں ہو گی۔

Deutschland Bundestag Debatte und Abstimmung zum Syrien-Einsatz der Bundeswehr
جرمن چانسلر انگیلا میرکل (بائیں) اور جرمنی کی خاتون وزیر دفاع اُرزولا فان ڈیئر لاین (دائیں) جرمن فوج کو ملک کے اندر سرگرم کرنے کی تجویز کی حامی ہیںتصویر: Reuters/H. Hanschke

مخلوط حکومت میں شامل سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین زیگمار گابریئل کے خیال میں بھی فوج کو سرگرم کرنے کی بجائے پولیس کو زیادہ تعاون اور اختیارات دیے جانے چاہییں۔ خود پولیس بھی فوج کی مدد لینے سے گریزاں لگتی ہے مثلاً پولیس یونین GdP کے چیئرمین اولیور مالخوف کے مطابق فوج وہ مدد نہیں دے سکتی، جو پولیس کو درکار ہے: ’’ہمیں تفتیش کاروں کی ضرورت ہے، ہمیں ایسے پولیس اہلکار درکار ہیں، جنہیں آئین کی ضرورتوں کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تربیت فراہم کی گئی ہو۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید