1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن طویل وقفے کے بعد پھر سرینا کے نام

9 جون 2013

امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے 11 برس بعد ایک مرتبہ پھر فرنچ اوپن کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ انہوں نے ہفتے کو خواتین کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن ماریا شاراپوا کو شکست دی۔

https://p.dw.com/p/18mKZ
تصویر: Thomas Coex/AFP/Getty Images

نمبر وَن سرینا ولیمز بلاشبہ جانتی تھی کہ انہوں نے فرنچ اوپن صرف ایک مرتبہ جیتا تھا اور اس بات کو 11 برس بیت چکے ہیں۔ وہ یہ بھی جانتی تھیں گزشتہ برس پیرس میں کیا ہوا تھا: وہ اپنے کیریئر میں پہلی مرتبہ پہلے راؤنڈ میں ہی گرینڈ سلام میں شکست کھا گئی تھیں اور وہ بھی ایک ایسی کھلاڑی سے جس کا نام پہلی ایک سو کھلاڑیوں میں کہیں نہیں تھا۔

ان سب باتوں کے تناظر میں ہفتے کو سرینا کورٹ میں اتریں تو وہ یقیناﹰ 2002ء کی اس خوشی کو پھر سے محسوس کرنا چاہتی تھیں جو انہیں فرنچ اوپن پہلی مرتبہ جیت کر ملی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے نمبر ٹو شاراپوا کا جم کر مقابلہ کیا اور بالآخر انہیں چھ چار چھ چار سے مات دی۔

گزشتہ نو برس میں خواتین کے مقابلوں میں نمبر ایک اور نمبر دو کھلاڑیوں کے درمیان یہ پہلا میچ تھا۔ شاراپوا نے سرینا کے بارے میں کہا: ’’وہ بہت اچھا کھیل پیش کر رہی ہیں۔ وہ مضبوط حریف ہیں۔‘‘

اپنے کیریئر میں یہ سرینا کی سولہویں بڑی جیت ہے۔ اس فتح کے بات انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا: ’’گزشتہ برس کی شکست سے میں ابھی تک کسی حد تک اپ سیٹ ہوں۔‘‘

French Open Maria Sharapova
ماریا شاراپواتصویر: picture-alliance/dpa

انہوں نے مزید کہا: ’’لیکن میرے خیال میں اہمیت اس بات کی ہے کہ آپ کس طرح پھر سے اُٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ میں نے ہمیشہ یہ کہا ہے کہ چیمپیئن کا مطلب یہ نہیں وہ کتنی مرتبہ جیتے، بلکہ اس کا مطلب ہے کہ وہ تنزلی کے دَور سے کیسے نکلے، چاہے یہ کسی انجری کے باعث ہو یا کسی شکست کی وجہ سے۔‘‘

اس بیان کے آخری الفاظ کی ادائیگی کے بعد سرینا کی آواز بھر آئی اور ان کی آنکھوں نَم ہو گئیں۔ 31 سالہ امریکی کھلاڑی کے کیریئر میں تنزلی کے ایسے دَور رہے ہیں جن میں سے شاید 2011ء کے آخر میں ختم ہونے والے 10 ماہ سے برا کوئی وقت نہیں تھا۔ اس دوران ان کے پاؤں کا دو مرتبہ آپریشن ہوا جبکہ پھیپھڑوں میں خون کے لوتھڑوں کے باعث بھی وہ زیرِ علاج رہیں۔

فرنچ اوپن میں تازہ فتح کے بعد ان کا کیریئر ایک مرتبہ پھر بلندیوں کو چھو رہا ہے، جس کا وہ بھرپور لطف اٹھا رہی ہیں۔ یہ ان کی مسلسل اکتیسویں کامیابی بھی ہے۔

ng/aba(AP)