1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فضائی حدود کی خلاف ورزی ناقابل قبول، پاکستان

28 ستمبر 2010

پاکستانی حکومت نے افغانستان میں بین الاقوامی حفاظتی فوج آئی سیف ISAF کی طرف سے پاکستانی سرحدوں کے اندر فضائی حملے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کی خلاف ورزی ہے۔

https://p.dw.com/p/PO5X
تصویر: AP

پیر کے دن پاکستانی حکام نے اس حملے کے خلاف، مغربی دفاعی اتحاد نیٹو سے سخت احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایسے واقعات کو روکنے کی کوشش نہ کی گئی تو پاکستان بھی اس حوالے سے کوئی جوابی حکمت عملی تیار کر سکتا ہے۔ اسلام آباد حکومت نے کہا ہے کہ آئی سیف مشن نے دو مرتبہ پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔

پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان عبدالباسط نے کہا، ’اس طرح کے واقعات اقوام متحدہ کے اُس مینڈیٹ کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جس کے تحت نیٹو وہاں عسکری کارروائی کر رہی ہے۔ دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آئی سیف کا مینڈیٹ افغان سرحدوں پر ختم ہو جاتا ہے اور ان ضوابط میں شدت پسندوں کا پیچھا کرتے ہوئے پاکستانی سرحد عبور کرنے کے بارے میں کوئی بھی شق موجود نہیں ہے۔

اطلاعات کے مطابق آئی سیف کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ہے کہ وہ کسی بھی عسکری کارروائی کے دوران پاکستان کی سرحدیں عبور کرے۔ عبدالباسط نے کہا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اگر کوئی فوری کوشش نہیں کی جاتی توضرورت پڑنے پر پاکستانی حکومت جوابی ردعمل تیار کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔

حکومت پاکستان کے اس احتجاج کے بعد نیٹو نے کہا ہے کہ ان کے فوجی دستوں کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ برسلز میں نیٹو کے ایک اعلٰی اہلکار نے خبر رساں ادارے AFP کو بتایا ہے کہ افغانستان میں تعینات اُن کے فوجیوں کو احساس ہے کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کا احترام کرنا ہے۔

US Drone Predator Flash-Galerie
پاکستان میں گزشتہ چوبیس دنوں میں انیس مبینہ ڈرون حملےہو چکے ہیںتصویر: AP

انہوں نے مزید کہا کہ آئی سیف کو اس بات کا افسوس ہے کہ وہ اس حملے سے قبل کوشش کے باوجود پاکستانی عسکری ذرائع سے کوئی رابطہ نہ کر سکے کیونکہ وہ اچانک ہی کارروائی پر مجبور ہوئے تھے۔ نام ظاہر نہ کرنے والے نیٹو کے اس اعلٰی اہلکار نے مزید کہا کہ وہ مستقبل میں پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی تعاون برقرار رکھیں گے۔

دریں اثناء پیرکو پاکستان میں ہونے والے ایک اورمبینہ امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں کم ازکم چار شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔ گزشتہ چوبیس دنوں کے دوران یہ 19 واں ڈورن حملہ بتایا جاتا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں