1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فضہ فرحان بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گی

بینش جاوید16 فروری 2016

پاکستان کی فضہ فرحان کو اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون کے ’ویمنز اکنامک امپاورمنٹ‘ کے پہلے اعلیٰ سطحی پینل کا ممبر تعینات کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HwJE
Pakistan Fiza Farhan
تصویر: UN Women/Huma Akram-Buksh Foundation

یہ اہم اعلان جنوری میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر کیا گیا تھا۔ اس پینل کے رکن کی حیثیت سے فضہ عالمی بینک، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ، یو این ویمن، اور دیگر اہم اداروں کی قیادت کے ساتھ کام کریں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اقتصادی ماہرین، سکالرز اور دنیا کی مختلف حکومتوں کے ساتھ رابطے بڑھائیں گی۔

فضہ فرحان ’بخش فاؤنڈیشن‘ کی سربراہ ہیں۔ یہ ادارہ پاکستان کے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرتا ہے۔ سن 2015 میں فضہ کا نام نامور اقتصادی جریدے فوربس کی دنیا کے 30 کم عمر ’سوشل انٹرپرونیورز‘ کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ ’ویمنز اکنامک امپاورمنٹ‘ کے پہلے اعلیٰ سطحی پینل کا ممبر تعینات ہونے کے حوالے سے فضہ کا کہنا ہے، ’’مجھے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، ہمیں خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بین الاقوامی سطح پر کام کرنا ہوگا۔ ‘‘

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے، ’’اس پینل کا مقصد ’سن 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے‘ پر عمل درآمد کرنا ہے۔ یہ پینل خواتین کی معاشی حالات میں بہتری پیدا کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ پینل خواتین کو خودمختار کرنے کے حوالے سے مختلف حکومتوں، نجی شعبے اور اقوام متحدہ سمیت مختلف سٹیک ہولڈرز کو تجاویز بھی بھیجے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں